مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل بن عبد العزیز نے کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی مقابلہ حفظ قرآن، تلاوت و تفسیر کے 46ویں ایڈیشن کے فاتحین اور پینل کے ججوں کو اعزازات سے نوازا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں وزارت اسلامی امور کے تحت اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:معلمین القرآن کا آزادکشمیر بھر میں احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان
چھ دن جاری رہنے والے اس مقابلے میں 133 ملکوں سے 334 افراد (202 مرد اور 132 خواتین) نے شرکت کی، چار دہائیوں قبل مقابلے کے آغاز کے بعد شرکا کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔
موجودہ ایڈیشن میں مقابلے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین نے شرکت کی۔ فاتحین میں 10.26 ملین ریال کی انعامی رقم تقسیم کی گئی۔
پہلی کیٹیگری میں سعودی عرب کے عبدالرحمن بن مختار بن احمد محمد نے پہلی پوزیشن اور 5 لاکھ سعودی ریال انعام حاصل کیا۔
خواتین کی پہلی کیٹیگری میں الجزائر کی جمانہ شرايطية نے پہلی پوزیشن اور 5 لاکھ ریال انعام حاصل کیا۔
مردوں اور خواتین کے مقابلے میںپانچ زمروں میں پہلی پانچ پوزیشن حاصل کرنے والی خواتین کو اعزازات سے نوازا گیا۔ مردوں اور خواتین کی اختتامی تقریب الگ الگ منعقد کی گئی۔
اس مقابلے کا مقصد مرد اور خواتین کو حفظ، فہم اور غور و فکر کے ذریعے قرآن پڑھنے کی ترغیب، مثبت مسابقت، نئی نسل کو قران سے جوڑنا اور قرآن کی خدمت کے حوالے سے سعودی عرب کی کوششوں کو اجاگر کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سابق سرکاری آفیسر سید اعجاز بخاری خضری نے قلیل عرصے میں قرآن مجید کا قلمی نسخہ تیار کرلیا
اسلامی امور کے وزیر شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے اس موقع پر کہا کہ یہ مقابلہ قرآن کریم کی خدمت، اس کے حفاظ کی معاونت اور ہدایت و نیکی کے ذریعے لوگوں کو متحد کرنے کے لیے مملکت کی لگن کا ثبوت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مقابلے کے فاتحین کی تعداد 12 سے بڑھ کر 50 ہو گئی ہے جبکہ مجموعی انعامات کی رقم 11 لاکھ ریال سے بڑھ کر ایک کروڑ ریال سے تجاوز کر گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اضافہ بڑے بین الاقوامی قرآنی مقابلوں میں حفاظِ کرام کی حوصلہ افزائی کے لیے مملکت کے عزم کا عکاس ہے۔




