اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال سے واپس اڈیالا جیل منتقل کردیا گیا۔
نجی ٹی وی کا کہنا ہے جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو واپس اڈیالا جیل منتقل کردیا گیا ہے،انہیں اسپتال سے اڈیالہ جیل انتہائی سخت سکیورٹی میں لایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ کا بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم
جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ان کے سیل میں شفٹ کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کو نصف شب کو اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفاانٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے سے قبل سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے،ہسپتال کے باہر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی تھی۔
شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے خصوصی اقدامات کئے گئے تھے جہاں بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ کیا گیا۔
6ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کا چیک اپ کیا ،ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو ایڈمٹ کرنے کی صورت میں بھی خصوصی اقدامات مکمل کئے گئے تھے لیکن اب انہیں واپس بھیج دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اکبر ایس بابر کے نام عمران خان کا جیل سے اہم پیغام: بانی پی ٹی آئی کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا
قبل ازیں سپریم کورٹ نے حکومت کو تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کو طبی معائنے اور علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالت نے عمران خان کی صحت سے متعلق صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کرنے کے انتظامات کئے گئے تھے۔




