ایران کیخلاف امریکی پابندیوں کا اثر،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 2.20 ڈالر یعنی 2.4 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 93.82 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ، نوٹیفکیشن جاری

امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 2.33 ڈالر اضافے کے بعد 88.16 ڈالر فی بیرل ہے۔

دونوں اہم عالمی بینچ مارکس کی قیمتیں 24 جولائی کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں اور مسلسل پانچویں سیشن میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

واضح رہے کہ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایران کے خلاف سخت ترین پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کے ساتھ کاروبار جاری رکھنے والے ممالک کے خلاف بھی امریکی اقدامات نافذ کیے جائیں گے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این بی سی کے مطابق اسکاٹ بیسنٹ نے کہا کہ امریکا ایران کے خلاف تاریخ کی سخت ترین پابندیاں عائد کرنے جا رہا ہےجن کا مقصد ایرانی حکومت کی اپنے پراکسی گروہوں کے ذریعے کارروائی کرنے کی صلاحیت کو محدود کرنا ہے۔

انہوں نے اتحادی ممالک اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ایرانی حکومت سے تعلقات ختم کریں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور عالمی منڈی میں ایک دن بعد ہی سونے کی قیمت آسمان پر

امریکی وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ ایران پر انتہائی سخت پابندیاں عائد کرکے حکومت کا خاتمہ کیا جائے گا جبکہ پابندیوں کا مقصد ایرانی معیشت کو شدید نقصان پہنچانا اور اسے تباہ کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف معاشی دباؤ کو اس حد تک بڑھایا جائے گا جو اس سے پہلے کبھی نہیں کیا گیا۔