مسلم لیگ

آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستیں: ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان امیدوار فائنل!

مظفرآباد :آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں کے لیے ن لیگ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے نامزدگیوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، تاہم دونوں جماعتوں کے درمیان انتخابی محاذ آرائی اور سیاسی کشیدگی میں شدت آنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

معتبر ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر بیرسٹر افتخار گیلانی، علماء و مشائخ کے لیے پیر سید مظہر شاہ اور اوورسیز کشمیریوں کی نشست پر چوہدری عبدالرحمان کے نام فائنل کیے گئے ہیں۔ جبکہ خواتین کے لیے مختص نشستوں پر ن لیگ نے پونچھ سے سحرش قمر، میرپور سے مریم ادریس اور مظفرآباد سے مریم کشمیری کو نامزد کیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے خواتین کی دو مخصوص نشستوں کے لیے ذوبیہ خورشید راجہ اور فرزانہ یعقوب کو متوقع ارکانِ اسمبلی کے طور پر سامنے لایا گیا ہے۔بیرسٹر افتخار علی گیلانی مخصوص نشست کے لیے نامزد

یہ بھی پڑھیں: قانون ساز اسمبلی:مخصوص نشستوں کے لیے کل امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے

ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان خواتین کی نشستوں کی تقسیم پر سخت اختلافات پائے جاتے ہیں۔ پیپلز پارٹی خواتین کی 5 مخصوص نشستوں میں سے 2 پر اپنا حق جتلا رہی ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی کو صرف 1 نشست دینے پر رضامند ہے اور 4 نشستوں پر اپنے امیدوار لانا چاہتی ہے۔

اس کے علاوہ پیپلز پارٹی نے حالیہ انتخابی نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ جب تک براہِ راست نشستوں پر انتخابی عمل مکمل نہیں ہو جاتا، تب تک مخصوص نشستوں پر انتخاب نہیں کروایا جا سکتا۔

واضح رہے کہ ایوان میں اس وقت براہِ راست منتخب ممبران کی تعداد 38 ہے جن میں سے 26 ممبران کا تعلق مسلم لیگ (ن) اور 12 کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے، جبکہ 7 نشستوں پر ابھی انتخاب ہونا باقی ہے۔ اس سیاسی محاذ آرائی کے باعث مخصوص نشستوں کے انتخاب کا مرحلہ انتہائی حساس صورتحال اختیار کر گیا ہے۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر میں حکومت سازی کا عمل تیز: 27 اگست کو وزیرِ اعظم کا انتخاب متوقع