12 ربیع الاول کے بعد پورے ملک میں پہیہ جام ہوگا، حافظ نعیم کا اعلان

پشاور: جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کی کال پر پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف کراچی، لاہور اور پشاور میں دھرنے چوتھے روز بھی جاری رہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے روزانہ رات کی تاریکی میں پیٹرول قیمتوں میں اضافے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے قیمت میں کمی کا مطالبہ کردیا۔

یہ بھی پڑھیں:حافظ نعیم کا پٹرولیم لیوی ختم ہونے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان

امیر جاعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پشاور میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئےکہاکہ ایک لیٹرپیٹرول پر 130 روپے ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی بڑی جدوجہد کے کے لیے تیار ہے، اس دن سے ڈریں جب عوام کا سمندر اسلام آباد مارچ شروع کرے، شہباز شریف صاحب آپ کو لیوی کا مسئلہ حل کرنا ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہم جلاؤ گھیراؤ نہیں چاہتے لیکن کرپشن اور لوٹ مار کے سسٹم کو جام کریں گے، حکومت کو پیچھے ہٹانا پڑے گا، جب کال دوں گا تو اسلام آباد پہنچ کر پھر ہمارے موبائل فون بند ہوں گے، پھر آپ کی بات نہیں سنی جائے گی۔

امیر جاعت اسلامی نے کہا حکومت خود اپنے قرضے معاف اور ٹیکس معاف کراتی ہے، پیٹرولیم لیوی مسلط کرکے غریب عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈال دیا ہے۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا سیاسی جماعتوں کو عوام کے مسائل کا ادراک نہیں ہے، حکمران اور ادارے سن لیں، پیٹرولیم لیوی ختم اور مہنگائی میں کمی لائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں:ڈیزل 32روپے63 پیسے سستا، پیٹرول 2روپے 97پیسے مہنگا کردیا گیا

ادھر جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے لاہور میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے 28 ماہ مکمل ہو چکے ہیں لیکن یہ ڈیلیور نہیں کر سکے، حکمران عیاشیاں اور پروٹوکول چھوڑنے کو تیار نہیں۔

امیر جماعت اسلامی کے دھرنے کے باعث لاہور میں مال روڈ دونوں اطراف سے بند اور ٹریفک کی روانی متاثر ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔