آزاد کشمیر کی مخصوص نشستوں پر پولنگ، امیدواروں کے نام بھی سامنے آگئے

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر انتخابات کے لیے شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے مطابق پولنگ 24 اگست کو ہوگی، جبکہ مختلف مخصوص نشستوں کے لیے ممکنہ امیدواروں کے نام بھی سامنے آ گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر انتخابات ہوں گے، جن میں خواتین کی 5، علما و مشائخ کی 1، بیرون ملک مقیم کشمیریوں کی 1 اور ٹیکنوکریٹس و دیگر پروفیشنلز کی 1 نشست شامل ہے۔

شیڈول کے مطابق امیدوار 20 اگست کو صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے اور اسی روز کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد درست امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔ کاغذات کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 21 اگست کو صبح 9 سے دوپہر 12 بجے تک جمع ہوں گی جن پر الیکشن کمیشن 22 اگست کو سماعت کرے گا۔ 23 اگست کو دوپہر 2 بجے تک کاغذات واپس لیے جا سکیں گے جس کے بعد حتمی فہرست جاری ہوگی، جبکہ پولنگ 24 اگست کو صبح 10 سے دوپہر 1 بجے تک آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی ہال، بلاک نمبر 12، سول سیکریٹریٹ چتر کلاس مظفرآباد میں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: حویلی انتخابی دھاندلی کیس: الیکشن کمیشن ممبر کا اختلافی نوٹ سامنے آ گیا

مختلف نشستوں کے لیے زیر غور امیدوار:

ذرائع کے مطابق خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے مریم ادریس، مسز راجہ عابد، مریم کشمیری، ناصرہ سدوزئی، ماریہ ترانہ، سحرش قمر اور نثارہ عباسی کے نام زیر غور ہیں۔ اوورسیز کی نشست کے لیے مسلم لیگ ن برطانیہ چیپٹر کے صدر عبدالرحمان آرائیں کو مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حاجی احسان دانش کے نام پر بھی غور جاری ہے۔

علما و مشائخ کی نشست کے لیے پیر مظہر سعید کا نام سامنے آیا ہے، جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر بیرسٹر افتخار، شاداب سکندر اور محسن عزیز کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔

کابینہ کی تشکیل اور سیاسی صورتحال:

ذرائع کا بتانا ہے کہ آزاد کشمیر کی نئی حکومت میں 12 وزرا شامل ہوں گے جبکہ ابتدائی مرحلے میں 6 مشیر مقرر کیے جانے کا امکان ہے جو کابینہ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ تاہم مسلم لیگ ن کی جانب سے مخصوص نشستوں کے امیدواروں یا کابینہ کی تشکیل کا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن 24 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بنی ہے اور مخصوص نشستوں کے نتائج سے حکومت سازی میں اس کی پوزیشن مزید مستحکم ہونے کا امکان ہے۔

الیکشن کے قواعد، امیدواروں کی جانچ پڑتال اور الیکشن کمیشن کی تازہ معلومات کے لیے آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ دیکھیں۔

مزید پڑھیں: حکومت سازی کیلئے بڑی پیشرفت، مخصوض نشستوں کے انتخابات کا شیڈول جاری