شاہین آفریدی کی تباہ کن بولنگ، پاکستان گولڈ نے نیشنل چیمپئنز کپ جیت لیا

ملتان: پاکستان گولڈ نے پاکستان گرینز کو شکست دےکر نیشنل چیمپئنز کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ جیت لیا۔

شامل حسین اور سعد خان کی سنچریوں اور کپتان شاہین آفریدی کی ہیٹ ٹرک سمیت 7 وکٹوں کی کارکردگی کی بدولت چیمپئنز کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں پاکستان گولڈ نے پاکستان گرینز کو 101رنز سے شکست دی۔

یہ بھی پڑھیں: انٹرنیشنل مکس مارشل آرٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی پرچم بلند، گیارہ سالہ اورنگزیب تاثیر نے پہلا میچ جیت لیا

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں ٹاس جیت کر پاکستان گولڈ نے پہلے بیٹنگ کی۔

ٹیم اننگز کی آخری گیند پر 340 رنز بناکر آؤٹ ہوئی، اُن کی جانب سے سعد خان اور شامل حسین نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچریاں اسکور کیں۔سعد خان نے 112 رنز اور شامل حسین نے 111 رنز اسکور کیے۔

پاکستان گرینز کی جانب سے فہیم اشرف، شاداب خان اور نسیم شاہ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

341 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستان گرینز کی ٹیم شاہین آفریدی کی تباہ کن بولنگ کے سبب 38ویں اوور میں 239 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سعد بیگ نے 67 اور عمیر یوسف نے 44رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کیلئے قابل فخر لمحہ، ویمنز نیٹ بال ٹیم نے ایشین چیمپئن شپ کا پلیٹ ٹائٹل جیت لیا

پاکستان گولڈ کے کپتان شاہین آفریدی نے ہیٹ ٹرک سمیت 36رنز کے عوض 7 کھلاڑی آؤٹ کیے، رضا اللہ، مبصر خان اور فیصل اکرم نے ایک، ایک کھلاڑی آؤٹ کیا۔