مظفرآباد / باغ، کشمیر ڈیجیٹل:آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ غربی باغ کے نو منتخب ممبر قانون ساز اسمبلی اور جموں و کشمیر عوامی دست و بازو کے چیئرمین سردار ساجد اقبال عباسی نے اپنی جماعت کا مسلم لیگ ن سے اتحاد کا اعلان کر دیا۔
سردار ساجد اقبال عباسی نے حالیہ انتخابات میں آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور مسلم کانفرنس کے سربراہ سردار عتیق احمد خان کو تقریباً 21 ہزار ووٹوں کی بھاری برتری سے شکست دے کر نئی سیاسی تاریخ رقم کی۔
سردار ساجد اقبال عباسی کی اس تاریخی کامیابی کے بعد سے ہی آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے ان کا کردار انتہائی اہم ہو گیا تھا، جبکہ مسلم لیگ ن کو دو تہائی اکثریت کے لیے ساجد اقبال عباسی کی حمایت کی ضرورت بھی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا پر شمولیت کی خبریں بے بنیاد؛ ساجد اقبال کا کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت سے انکار
مسلم لیگ ن کی مرکزی اور علاقائی قیادت کی موجودگی میں ساجد اقبال عباسی نے اپنی جماعت کے مسلم لیگ ن کے ساتھ اتحاد کا اعلان کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام، مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رانا ثناء اللہ اور مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر سردار ساجد اقبال عباسی نے کہا کہ وہ مسلم لیگ ن کے تعمیر و ترقی کے ویژن سے متاثر ہو کر اتحاد کر رہے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی قیادت نے سردار ساجد اقبال عباسی کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔




