رونالڈو کب ریٹائر ہو رہے ہیں؟ اسٹار فٹبالر نے خود ہی بتا دیا

پرتگال سے تعلق رکھنے والے دنیاکے مقبول ترین فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ریٹائرمنٹ سے متعلق اپنے منصوبوں کے حوالے سے لب کشائی کر دی۔

کرسٹیانو رونالڈو نے اشارہ دیا ہے کہ رواں سیزن بطور فٹبالر ان کا ممکنہ طور پر آخری سیزن ہوگاجس کے بعد وہ شاندار کیریئر کو الوداع کہہ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور جارجینا روڈریگز نے شادی کر لی: تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

41 سالہ رونالڈو نے منگل کو اپنی ساتھی جارجینا روڈریگز سے شادی کی اور اب وہ اپنے مستقبل کو خاندان کے گرد ترتیب دینے پر غور کر رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے اپنی شادی کے بعد دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ‘یہ شاید فٹبال میں میرا آخری سال ہو، اور میں ایک شاندار میراث چھوڑنا چاہتا ہوں۔

رونالڈو نے کہا کہ انہوں نے اپنے مستقبل کی مکمل منصوبہ بندی کر رکھی ہے اور فٹبال سے دور ہونے کے بعد ان کے پاس خود کو مصروف رکھنے کے لیے بہت سی چیزیں ہیں۔

رونالڈو نے کہا کہ وہ زیادہ تفریح، زیادہ سفر، پیڈل کھیلنے اور دیکھنے کے ساتھ ساتھ اپنی حاصل کردہ کامیابیوں سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آخرکار یہ 25 سال کی قربانیوں پر مشتمل سفر رہا ہے۔

واضح رہے کہ 5 مرتبہ بیلن ڈی اور اور5 مرتبہ چیمپئنز لیگ جیتنے والے رونالڈو نے انگلینڈ، اسپین، اٹلی اور سعودی عرب میں لیگ ٹائٹلز اپنے نام کیے ہیں۔ وہ مینز انٹرنیشنل فٹبال میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:فٹبال کے بعد ہالی ووڈ، کرسٹیانو رونالڈو اداکاری کے میدان میں اترنے کو تیار

پرتگال کے کپتان گزشتہ تقریباً چار سال سے سعودی پرو لیگ کی چیمپئن ٹیم النصر کا حصہ ہیں، جہاں ان کے معاہدے کی مدت میں ابھی ایک سال باقی ہے۔

جب جولائی میں رونالڈو سے پوچھا گیا تھا کہ کیا یہ ان کا آخری فیفا ورلڈکپ ہوگا تو انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے خاندان سے مشاورت کے بعد پرسکون ذہن کے ساتھ اس بارے میں فیصلہ کریں گے۔