ن لیگ کی آزادکشمیر میں حکومت بنانے کی تیاریاں، پیپلزپارٹی کا بڑا متبادل پلان سامنے آگیا

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت سازی کیخلاف عدلیہ سے رجوع کرنے کے لیے باقاعدہ پٹیشن تیار کرلی ہے۔

نجی ٹی وی چینل ’’اے آر وائی ‘‘ کے مطابق اس حوالے سے پیپلزپارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے خلاف پٹیشن لیگل ٹیم نے تیار کی جس کی منظوری پی پی قیادت نے دی جلد ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:نواز شریف نے مخصوص نشستوں کی خواہشمند خواتین کے انٹرویوز کرلیے

ذرائع کے مطابق مذکورہ پٹیشن آئندہ 48 گھنٹوں میں دائر ہوگی، جس میں حکومت سازی سے روکنے کے لیے عدالت سے حکم امتناع کی درخواست کی جائے گی۔

پی پی ذرائع کا کہنا ہے کہ اپنی پٹیشن میں پی پی آزاد کشمیر ایوان کی تکمیل تک حکومت سازی روکنے کی درخواست اور پیپلزپارٹی پونچھ ڈویژن کے بقیہ دو اضلاع میں الیکشن کے انعقاد کا مطالبہ کرے گی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پونچھ ڈویژن کے دو اضلاع میں الیکشن کے بغیر آزاد کشمیر اسمبلی نامکمل اور حکومت سازی غیر آئینی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پی پی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس فریال تالپور کی زیرِ صدارت زرداری ہاؤس میں ہوا تھا جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو کسی صورت چلنے نہیں دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روزقائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر اور وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے مابین بھی اہم ملاقات ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت سازی کیلئے بڑی پیشرفت، مخصوض نشستوں کے انتخابات کا شیڈول جاری

ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کی مجموعی سیاسی صورت حال، باہمی دلچسپی کے امور اور مسئلہ کشمیر سمیت اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوسری طرف مسلم لیگ(ن) کے سربراہ میاں نوازشریف نے مری میں خواتین نشستوں کی امیدواروں سے انٹرویوز لئے ہیں جبکہ مخصوص نشستوں پر انتخاب کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے۔