اسلام آباد:آن لائن فراڈ میں مبینہ طور پر ملوث 284 غیر ملکی شہریوں کو پاکستان سے ملک بدر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ داخلہ نے گرفتار تمام غیر ملکی شہریوں کے ویزے منسوخ کردیئے ہیں اور انہیں پاکستان چھوڑنے کیلئے 15 روزہ ون ٹائم ایگزٹ پرمٹ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے گرفتاریاں
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ غیر ملکی شہریوں کو اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتار افراد میں زیادہ تعداد ویتنام، انڈونیشیا اور چین کے شہریوں کی ہے، جن میں سے بیشتر سیاحتی یا وزٹ ویزوں پر پاکستان آئے تھے۔
ملک بدری کے بعد بلیک لسٹ میں نام شامل ہوگا
حکام کے مطابق تمام 284 غیر ملکیوں کو 15 روز کے اندر پاکستان سے واپس بھیج دیا جائے گا۔ ملک بدری کے بعد ان افراد کے نام بلیک لسٹ اور فارنرز کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جائیں گے۔
مستقبل میں پاکستانی ویزا جاری نہ کرنے کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق ملک بدر کیے جانے والے غیر ملکی شہریوں کو مستقبل میں پاکستانی ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔ حکام نے آن لائن فراڈ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں مبینہ طور پر ملوث غیر ملکیوں کیخلاف کارروائی کو سائبر کرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے اہم اقدام قرار دیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آن لائن اسٹور پر 75 کروڑ روپے کے جعلی آرڈرز دے کر منسوخ کرنے والی جاپانی خاتون گرفتار




