الیکشن کمیشن:انتخابی نتائج کیخلاف اپیلیں مسترد، الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرنے کا حکم

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل): ترجمان آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کےمطابق الیکشن کمیشن نے ایل اے 17 حویلی سے انتخابات میں کامیاب نہ ہونیوالے امیدوار چوہدری محسن عزیز، مسلم لیگ (ن) اور آزاد امیدوار خواجہ طارق سعید ایڈووکیٹ کی جانب سے درخواست پر فیصلہ سنادیا۔

دونوں امیدواروں کی اپیلوں کی سماعت چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) مصطفیٰ مغل کی سربراہی میں ہوئی جس میں سینئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ احسن اور ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی نے بھی حصہ لیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی نے دھاندلی کا جھوٹا الزام لگایا،نئی قیادت کوکشمیر کی ترقی کیلئے دن رات ایک کرنا ہوگا،مریم نواز

سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر اور سینئر ممبر الیکشن کمیشن نے دونوں امیدواروں کی اپیلیں مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ دونوں امیدوار متعلقہ الیکشن ٹربیونل سے رجوع کریں۔

تاہم ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی نے اختلافی نوٹ تحریر کرتے ہوئے چوہدری محسن عزیز اور خواجہ طارق سعید ایڈووکیٹ کے دلائل سے اتفاق کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ ن کا اجلاس، وزیراعظم کیلئے 3نام ،مخصوص نشستوں پر خواتین سمیت 8 امیدوار شارٹ لسٹ

اختلافی نوٹ میں انہوں نے ریٹرننگ افسر (آر او) کو ہدایت کی کہ پریزائڈنگ افسران کی جانب سے دیئے گئے فارم 24 اور پولنگ ایجنٹس کو فراہم کئے گئے فارم 24 کا موازنہ کیا جائے اور جن پولنگ اسٹیشنز کے نتائج سے متعلق تنازع ہے، ان کا نتیجہ مرتب کیا جائے۔

ترجمان کے مطابق الیکشن قوانین کے تحت اس نوعیت کے اختلاف کی صورت میں اکثریتی فیصلہ قابلِ عمل ہوتا ہے۔