انتخابی نتائج میں ردو بدل،خواجہ طارق سعید کی درخواست سماعت کیلئے منظور

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) حویلی کہوٹہ انتخابی نتائج تنازعہ، امیدوار خواجہ طارق سعید ایڈووکیٹ کی ری پولنگ کیلئے الیکشن کمیشن میں دی گئی درخواست منظور، چیف الیکشن کمشنر سماعت کریں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور کی حلقہ ایل اے 17 حویلی کہوٹہ سے کامیابی کو ایک اور مدمقابل امیدوار نے چیلنج کر دیا۔ آزاد امیدوار خواجہ طارق سعید کے ترجمان نے انتخابی نتائج میں مبینہ ردوبدل پر تحفظات کا اظہار کیا۔

چیف الیکشن کمشنر کو درخواست جمع کرا دی ہے۔ درخواست میں پورے حلقے میں تمام پولنگ اسٹیشنز کے اصل ریکارڈ کی بنیاد پر شفاف دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن میں درخواست پر کل سماعت متوقع ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:نوجوان ہوجائیں تیار، 20 ہزار نوکریوں کا بڑا منصوبہ آگیا

ممبر کشمیر کونسل و امیدوار اسمبلی حلقہ ایل اے17 حویلی کہوٹہ خواجہ طارق سعید کی جانب سے متنازعہ انتخابی نتائج کے خلاف دائر درخواست پر چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کل سماعت کریں گے۔

امیدوار خواجہ طارق سعید خود الیکشن کمیشن میں پیش ہوں گے، جبکہ انکے وکلاء خواجہ ارشد ایڈووکیٹ، منظور ایڈووکیٹ اور دیگر قانونی ٹیم بھی دلائل پیش کرے گی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولنگ اسٹیشنز سے موصول ہونے والے فارم 24 میں خواجہ طارق سعید کے ووٹ 23 ہزار سے زائد ظاہر کئے گئے

تاہم ریٹرننگ افسر کی جانب سےجاری کردہ متنازعہ فارم 26 میں انکے ووٹ تقریباً 12 ہزارکے قریب ظاہر کئے گئےجبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار اور وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور کے ووٹوں میں ہزاروں ووٹوں کا اضافہ کیا گیا۔

خواجہ طارق سعید کےوکلاء کا مؤقف ہے کہ انتخابی قوانین اور آئینی تقاضوں کے مطابق اصل پولنگ ریکارڈ اور پولنگ اسٹیشنزکےنتائج کی جانچ پڑتال ضروری ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد میں جشنِ آزادی کے موقع پر یادگارِ شہداء پر پُر وقار تقریب

درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہےکہ پولنگ اسٹیشنز کے تھیلے کھول کر اصل بیلٹ پیپرز،فارم 24اور دیگر انتخابی ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جائے، متضاد یا جعلی نتائج کو مسترد کیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

وکلاء کےمطابق اصل ووٹوں کی بنیاد پر حتمی نتیجہ مرتب کیا جانا چاہیے، کیونکہ ان کے بقول تیسرے نمبر پر آنے والے امیدوار کو فارم 24 میں ردوبدل کے ذریعے سب سے زیادہ ووٹ لینے والا ظاہر کرکے اسمبلی رکن بنانے کی کوشش کی گئی۔

اب نظریں چیف الیکشن کمشنرکی اس کیس سماعت اور اہم انتخابی تنازع پر الیکشن کمیشن کے آئینی و قانونی فیصلے پر مرکوز ہیں۔ یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محسن عزیز کی دائردرخواست کی سماعت چیف الیکشن کمشنرخود کرچکے ہیں اورفیصلہ بھی محفوظ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب مظفرآباد سے بعض زمہ دار ذرائع یہ دعویٰ کر رہےکہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے الیکشن کمیشن میں موجودحویلی کے ووٹوں کے ریکارڈ میں تبدیلی کی کوششیں بھی شروع کر رکھی ہیں۔ تاہم اس دعویٰ کی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔