آج ملک بھر میں 79 واں جشنِ آزادی انتہائی جوش و خروش، عقیدت اور قومی جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے اور فضاء پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج رہی ہے۔
دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی اور خصوصی دعاؤں سے
دن کے آغاز پر صوبائی دارالحکومتوں لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ اس کے علاوہ مساجد میں نمازِ فجر کے بعد ملکِ پاکستان کی سلامتی، ترقی، قومی یکجہتی، امن اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب
جشنِ آزادی کے اس تاریخی موقع پر کراچی میں بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ روایت کے مطابق ہر سال 14 اگست کو پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالتے ہیں۔
اعزازی گارڈز کی ترکیب اور تقریب کے مہمانِ خصوصی
بانیٔ پاکستان کے مزار پر تعینات کیے گئے پاک بحریہ کے اعزازی گارڈز میں دو دستے شامل ہیں۔ ان میں سے ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز اور دوسرا پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے۔ گارڈز کی تعیناتی کے اس اہم پروگرام کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر تھے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کا 79واں یوم آزادی : گوگل نے بھی ڈوڈل پر سبز ہلالی پرچم لہرا دیا




