انتخابی

آزاد کشمیر الیکشن: حلقہ ایل اے 16 شرقی باغ اور ایل اے 15 وسطی باغ میں 15 اگست کو ری پولنگ کا فیصلہ

آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 15 باغ 2 کے 9 پولنگ اسٹیشنز اور ایل اے 16 باغ 3 کے 14 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ (ری پولنگ) کا باقاعدہ فیصلہ کر لیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ متعلقہ ریٹرننگ افسران کی جانب سے ارسال کی گئی تفصیلی رپورٹس اور سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ دونوں حلقوں کے کل 23 متاثرہ پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ 15 اگست 2026 کو ہوگی، جہاں صبح 8:00 بجے سے بغیر کسی وقفے کے شام 5:00 بجے تک ووٹ ڈالے جائیں گے۔

ایل اے 15 باغ 2 کے نتائج کی صورتحال اور متاثرہ پولنگ اسٹیشنز:

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق ریٹرننگ افسر حلقہ ایل اے 15 باغ 2 کی جانب سے کل 213 پولنگ اسٹیشنز میں سے 204 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہو چکے ہیں جبکہ بقیہ 9 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل دوبارہ کروایا جا رہا ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ ایل اے 15 باغ 2 کے جن پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ ہوگی ان میں پولنگ اسٹیشن نمبر 114، 135، 143، 144، 145، 146، 148 اور 186 سمیت دیگر متاثرہ مقامات شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایل اے 15 وسطی باغ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار ضیاء القمر کی شاندار کامیابی

ایل اے 16 باغ 3 کے نتائج اور ری پولنگ والے مقامات:

دوسری جانب ریٹرننگ افسر حلقہ ایل اے 16 باغ 3 کی رپورٹ کے مطابق کل 186 پولنگ اسٹیشنز میں سے 172 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہو چکے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایل اے 16 باغ 3 کے بقیہ 14 پولنگ اسٹیشنز پر 15 اگست کو ری پولنگ کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان میں پولنگ اسٹیشن نمبر 28، 29، 40، 49، 50، 51، 77، 91، 109، 110، 111، 112، 143 اور 119 شامل ہیں، جہاں پولنگ کے عمل کی مکمل شفافیت اور سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔