آزاد جموں و کشمیر کے اہم اور حساس حلقے ایل اے 15 وسطی باغ سے الیکشن کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان پیپلز پارٹی (PPP) کے نامزد امیدوار سردار ضیاء القمر واضح اکثریت سے کامیاب قرار پائے ہیں۔
تمام پولنگ اسٹیشنز کا رزلٹ موصول ہونے کے بعد سامنے آنے والے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار ضیاء القمر نے مجموعی طور پر 18,825 ووٹ حاصل کر کے فتح اپنے نام کی۔ ان کے مدِ مقابل آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان 14,945 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر انتخابات، پی پی کے فیصل راٹھور، ضیاء قمر کامیاب،ن لیگ کےمیر اکبر کو برتری، سردار عتیق کو شکست
الیکشن ڈیوٹی پر مامور عملے اور انتخابی ذرائع کے مطابق گنتی کا عمل مکمل ہونے پر جیالے امیدوار سردار ضیاء القمر نے واضح اور نمایاں برتری حاصل کر کے معرکہ اپنے نام کیا۔ فتح کا اعلان ہوتے ہی پارٹی کارکنان سڑکوں پر نکل آئے، ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے حق میں نعرے بازی کی جبکہ منچلوں نے مختلف مقامات پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق ایل اے 15 وسطی باغ کا یہ انتخابی معرکہ انتہائی کانٹے دار اور دلچسپ تھا، تاہم پیپلز پارٹی کے امیدوار نے اپنے مضبوط عوامی اثر و رسوخ اور ورکرز کی دن رات کی محنت کی بدولت حتمی فتح حاصل کر لی۔




