پاکستان کے محمد زبیر نے عالمی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ای اسپورٹس ورلڈ کپ میں ٹیکن 8 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
محمد زبیر نے فائنل میں جنوبی کوریا کے معروف کھلاڑی لو ہائی کو یکطرفہ مقابلے میں 5-0 سے شکست دیکر عالمی اعزاز حاصل کیا اور پاکستان کا نام روشن کردیا۔
محمد زبیر کی فائنل میں شاندار فتح
پیرس کے ایکسپو پورٹ دے ورسائی میں 5 سے 8 اگست تک جاری رہنے والے ٹیکن 8 مقابلوں میں دنیا بھر سے 32 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
فائنل میں محمد زبیر نے لو ہائی کے خلاف غیر معمولی کھیل پیش کیا اور مسلسل پانچ گیمز جیت کر 5-0 سے کامیابی حاصل کی۔
ٹائٹل کے ساتھ ڈھائی لاکھ ڈالر کی انعامی رقم
ٹیکن 8 کا عالمی ٹائٹل جیتنے پر محمد زبیر کو 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم بھی ملی۔
اس کے علاوہ پاکستانی کھلاڑی کو کلب چیمپئن شپ کے 1000 پوائنٹس بھی حاصل ہوئے، جو ان کی عالمی رینکنگ اور آئندہ مقابلوں کے لیے اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔
سیمی فائنل میں ارسلان ایش سے سنسنی خیز مقابلہ
محمد زبیر کو فائنل تک پہنچنے کے لیے سیمی فائنل میں اپنے ہی ہم وطن اور عالمی سطح پر معروف کھلاڑی ارسلان ایش کا سامنا کرنا پڑا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:انگلینڈ میں بابر اعظم کو میڈیا سے دور رکھنے کا مشورہ، راشد لطیف نے حکمت عملی بتا دی
دونوں پاکستانی کھلاڑیوں کے درمیان انتہائی سنسنی خیز مقابلہ ہوا، جس میں محمد زبیر نے ارسلان ایش کو 5-4 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔
ارسلان ایش چوتھی پوزیشن پر رہے
سیمی فائنل میں شکست کے بعد ارسلان ایش تیسری پوزیشن کے میچ میں آسٹریلیا کے یگامی کے خلاف بھی کامیابی حاصل نہ کرسکے، جس کے بعد انہیں ٹورنامنٹ میں چوتھی پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا۔
ارسلان ایش اس سے قبل دو ماہ پہلے لاس ویگاس میں ہونے والی 2026 ایوو چیمپئن شپ جیت چکے ہیں اور مسلسل چوتھی مرتبہ عالمی اعزاز اپنے نام کرنے کا اعزاز بھی حاصل کرچکے ہیں۔
پاکستانی ای اسپورٹس کے لیے اہم سنگ میل
محمد زبیر کی شاندار کامیابی پر اسپورٹس ورلڈ کپ کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
ٹیکن دنیا کی معروف فائٹنگ گیمز میں شمار ہوتی ہے، جبکہ ای اسپورٹس ورلڈ کپ میں اس کے علاوہ بھی کئی مقبول گیمز کے مقابلے منعقد کیے گئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کامن ویلتھ گیمز میں تاریخ رقم کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون باکسر فاطمہ زہرا کی جذباتی کہانی
محمد زبیر کی یہ کامیابی پاکستانی ای اسپورٹس کے لیے اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے، جس سے عالمی سطح پر پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں اور ملک کے ای اسپورٹس ٹیلنٹ کو نمایاں ہونے کا موقع ملا ہے۔




