نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو سوشل میڈیا پر جعلی ٹریکنگ آئی ڈیز اور گمراہ کن معلومات سے محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔
نادرا ترجمان کے مطابق شہریوں کی ذاتی اور حساس معلومات کے تحفظ کیلئےسوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کمنٹس کے ذریعے ٹریکنگ آئی ڈی فراہم نہیں کی جائے گی۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نادرا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کمنٹس میں اپنی ٹریکنگ آئی ڈی یا دیگر حساس معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں۔
ترجمان نے کہا کہ شناختی دستاویزات یا نادرا سے متعلق کسی بھی معاملے میں شہری صرف سرکاری ذرائع اور تصدیق شدہ پلیٹ فارمز سے رجوع کریں۔
عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ غیر مصدقہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس، مشکوک لنکس اور غیر سرکاری پیغامات پر اعتماد نہ کریں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:لمبی قطاروں سے نجات، نادرا کے خودکار کیاسک سسٹم سے درخواست جمع کرانے کا مکمل طریقہ کار جاری
نادرا کے مطابق ٹریکنگ آئی ڈی سے متعلق معلومات حاصل کرنے کیلئے شہری 8400 پر ایس ایم ایس سروس استعمال کرسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ نادرا کی ہیلپ لائن 051-111-786-100 اور موبائل فون سے 1777 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
شہری نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بھی مختلف متعلقہ خدمات حاصل کرسکتے ہیں اور اپنی درخواستوں سے متعلق معلومات تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
نادرا نے شہریوں کو ایک بار پھر متنبہ کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنی شناخت، شناختی دستاویزات، ٹریکنگ آئی ڈی اور دیگر ذاتی معلومات عوامی طور پر شیئر نہ کریں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نادرا کو ڈیجیٹل شعبے میں شاندار کامیابیوں پر تین ایوارڈز مل گئے
نادرا نے واضح کیا کہ شہریوں کی معلومات کے تحفظ کیلئے احتیاط ضروری ہے اور کسی بھی مشکوک یا غیر سرکاری اکاؤنٹ سے موصول ہونے والی معلومات کو حتمی سمجھنے کے بجائے سرکاری پلیٹ فارمز سے تصدیق کی جائے۔




