قومی ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ڈیجیٹل شعبے میں اپنے بہترین اقدامات اور شاندار کامیابیوں پر تین اہم ایوارڈز اپنے نام کر لیے ہیں۔ “ٹی اے ایف-اے بی ایل پبلک سیکٹر ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ایوارڈز 2026” پاکستان میں اپنی نوعیت کے پہلے ایوارڈز ہیں، جن میں نادرا کی جدید ترین ڈیجیٹل خدمات کو عالمی معیار کے مطابق سراہا گیا ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ادارہ کو پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر “سٹیزن ایکسپیرینس آف دی ایئر” کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے، جبکہ پاکستان آن لائن ویزا سسٹم (POVS) کی شاندار کارکردگی اور جدت پر “ایکسیلینس اِن ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن” کا اہم ایوارڈ حاصل ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ نادرا ٹیکنالوجیز کو ای سہولت کے ذریعے بہترین سہولیات کی فراہمی پر “فن ٹیک سلوشن آف دی ایئر” ایوارڈ بھی دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا افسران سمیت 4 افراد گرفتار: افغان شہریوں کے لیے جعلی دستاویزات بنانے والا نیٹ ورک بے نقاب
ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب اور منتظمین کا کردار:
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور کامیاب ہونے والے منصوبوں میں ایوارڈز تقسیم کیے۔ اس باوقار ایوارڈ تقریب کا انعقاد ٹیک ایڈوائزری فورم (TAF) اور الائیڈ بینک لمیٹڈ (ABL) کے اشتراک سے کیا گیا تھا، جس کا مقصد پبلک سیکٹر میں ڈیجیٹل سطح پر انقلابی تبدیلیاں لانے والے اداروں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔
نادرا نے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے شہریوں کے لیے خدمات کے حصول کو انتہائی آسان بنایا ہے، جس کے باعث ان تمام پلیٹ فارمز کو قومی سطح پر اعلیٰ ترین اعتراف سے نوازا گیا ہے۔




