اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، تاہم نوجوان کھلاڑیوں کو کامیابی کیلئے شارٹ کٹ کے بجائے محنت، نظم و ضبط اور مستقل مزاجی کو اپنانا ہوگا۔ بچوں کو ابتدا ہی سے یہ سمجھانا ضروری ہے کہ کامیابی آسان راستے سے حاصل نہیں ہوتی۔
لاہور میں اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے زیر انتظام نئے تعمیر ہونیوالے جدید اسکواش کمپلیکس کے 3 کورٹس کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں اسکواش کے عالمی لیجنڈ جہانگیر خان نے شرکت کی۔ انہوں نے ربن کاٹ کر کمپلیکس کا افتتاح کیا اور کورٹ میں شاٹ کھیل کر افتتاحی مرحلہ مکمل کیا۔
تقریب میں ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب محمد طارق اور محکمہ کھیل کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:گھی، دودھ اورکوکنگ آئل کے معیار پر تشویش، 491 میں سے 176 نمونے غیر معیاری قرار
افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر خان نے کہا کہ پاکستان میں اسکواش کے حوالے سے بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور ملک کے نوجوان کھلاڑی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں کھیل کیلئے بہتر سہولیات، جدید تربیت اور مناسب مواقع فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو یہ بتانا انتہائی ضروری ہے کہ کھیل ہو یا زندگی کا کوئی اور شعبہ، کامیابی کیلئے کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا۔ کامیابی حاصل کرنے کیلئے محنت کے ساتھ ساتھ مستقل مزاجی اور اپنے مقصد پر توجہ مرکوز رکھنا ضروری ہے۔
جہانگیر خان نے جدید اسکواش کمپلیکس کی تعمیر کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لاہورکیلئے ایک اہم تحفہ ہے۔ ان کے مطابق کمپلیکس میں قائم کیے گئے کورٹس جدید سہولیات سے آراستہ ہیں اور دنیا بھر میں اس معیار کے کورٹس بہت کم دیکھنے کو ملتے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے قومی کرکٹر خوشدل شاہ کی ملک چھوڑنے کی افواہوں کی سخت الفاظ میں تردید
انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ نئی سہولیات سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے بہتر مواقع ملیں گے اور پاکستان میں اسکواش کے کھیل کو دوبارہ عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے میں مدد ملے گی۔




