کوکنگ آئل

گھی، دودھ اورکوکنگ آئل کے معیار پر تشویش، 491 میں سے 176 نمونے غیر معیاری قرار

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) ملک بھر میں گھی، دودھ اور کوکنگ آئل کے معیار سے متعلق تشویشناک صورتحال سامنے آگئی، جہاں 491 نمونوں میں سے 176 غیر معیاری قرار د ئیے گئے۔ غیر معیاری نمونوں کی شرح تقریباً 36 فیصد بنتی ہے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ملک میں دستیاب خوردنی اشیا کے معیار سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق بناسپتی گھی کے 204 نمونوں میں سے 98 غیر معیاری پائے گئے، جبکہ مکسڈ کوکنگ آئل کے 146 نمونوں میں سے 40 مقررہ معیار پر پورے نہیں اترے۔

اجلاس کے دوران گھی، کوکنگ آئل اور دودھ کے معیار پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ احسن اقبال نے بازار میں دستیاب پیک شدہ اشیا کے معیار کی نگرانی مزید مؤثر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غیر معیاری دودھ، گھی اور کوکنگ آئل کا استعمال صحت کیلئے سنگین مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔

کمیٹی نے ملک بھر میں کھلے خوردنی تیل، گھی اور دودھ کے معیار کا سروے کرانے کی ہدایت کردی۔ صوبائی حکومتوں، علاقائی انتظامیہ اور متعلقہ ریگولیٹری اداروں کو بھی غیر معیاری اشیا کے خلاف نگرانی اور چیکنگ کا دائرہ وسیع کرنے کی ہدایت کی گئی۔

حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ اشیائے خورونوش کے معیار کی جانچ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ صارفین کو محفوظ اور معیاری مصنوعات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔