پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر، انچارج سیاسی امور و رکن سندھ اسمبلی محترمہ فریال تالپور نے آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے بدترین دھاندلی اور ریاستی وسائل کے بے دریغ استعمال کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آزادانہ حقِ رائے دہی کو یقینی بنانے کے لیے پارٹی جلد احتجاجی تحریک شروع کرنے پر غور کر سکتی ہے۔
یہ باتیں انہوں نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے ٹکٹ پر حلقہ ایل اے-7 لیپہ ویلی سے نو منتخب رکن قانون ساز اسمبلی و وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شوکت جاوید میر سے ملاقات کے دوران کہیں۔ ملاقات میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹری رابطہ عامر ذیشان جرال نے بھی شرکت کی اور مجموعی انتخابی صورتحال پر بریفنگ دی۔
انتخابی نتائج، دھاندلی اور احتجاجی تحرک:
محترمہ فریال تالپور کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں دھونس، جبر، ٹھپہ مافیا اور انجینئرڈ کارروائیوں کے ذریعے انتخابات چوری کیے گئے، جن کے نتائج کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بہت جلد طلب کیا جا رہا ہے جس میں قومی وقار اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے آئندہ کے حتمی لائحہ عمل کا فیصلہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: حویلی میں ن لیگ کا بڑا پاور شو،پیپلز پارٹی نے شکست پر دھاندلی کا بیانیہ اپنایا، رانا ثنااللہ
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر انتخابات کے تیسرے مرحلے میں اصلاحِ احوال نہ کی گئی تو پانی سر سے گزر جائے گا اور اس کا تمام تر خسارہ موجودہ حکومت کو بھگتنا پڑے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرنے والے وزراء اور ان کے حاشیہ بردار اپنی حیثیت دیکھ کر بات کریں، کیونکہ پیپلز پارٹی نے آمریتوں کا مقابلہ کیا ہے۔
مسلم لیگ ن پر تنقید اور قیادت کا عزم:
فریال تالپور نے مسلم لیگ ن کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ محض حصولِ اقتدار کے لیے بیلٹ کے تقدس کو بلٹ سے بلڈوز کرنے اور پیپلز پارٹی کے پرامن کارکنوں کے خون سے ہولی کھیلنے کا حساب چکانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی نے ملک کے لیے چار نسلوں کی قربانیاں دیں، جبکہ مخالفین رات کے اندھیرے میں معاہدے کر کے ملک سے فرار ہونے کی تاریخ رکھتے ہیں۔
ملاقات کے دوران فریال تالپور نے دیوان علی خان چغتائی کو تمام تر سازشوں کے باوجود شاندار کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور اپنے کامل تعاون کا یقین دلایا۔ دوسری جانب نو منتخب رکن اسمبلی دیوان علی خان چغتائی اور شوکت جاوید میر نے محترمہ فریال تالپور کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور صدر مملکت آصف علی زرداری و چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اور غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا۔




