مظفرآباد : آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما راجہ فاروق حیدر خان نے کشمیر ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اپنے انتخاب اور ریاست کی موجودہ سیاسی و انتظامی صورتِ حال پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا ہے۔ اپنے حلقے سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے پر انہوں نے ووٹرز کی جرأت اور پختہ سیاسی شعور کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
سابق وزیراعظم نے گفتگو کے دوران اپنے حلقے کے انتخاب کی تمام تر تفصیلات میڈیا سے شیئر کیں۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی عمل کے دوران مخالفین کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی گئی اور ووٹرز کو مختلف قسم کی حرص، لالچ اور بھاری رقم کی پیشکش کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ کئی قسم کے گھناؤنے اقدامات بھی اٹھائے گئے، تاہم حلقے کے غیور اور باضمیر لوگوں نے ان تمام پیسوں اور لالچ کو سختی سے ٹھکرا دیا اور مسلم لیگ (ن) کے بیانیے اور ترقیاتی وژن کے ساتھ مضبوطی سے ڈٹے رہے۔
یہ بھی پڑھیں: مظفر آباد: ایل اے 31 کھاوڑہ 5 سے ن لیگ کے راجہ ثاقب مجید پہلی بار اسمبلی کے رکن منتخب
آزاد کشمیر کی صورتِ حال اور مسلم لیگ (ن) کا وژن:
ریاست کی موجودہ مجموعی کیفیت کا احاطہ کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ اس وقت آزاد کشمیر کی حالت ایک ایسے شدید بیمار مریض جیسی بنا دی گئی ہے جسے صرف اور صرف مصنوعی طریقے سے زندہ رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس تمام تباہ حال نظام اور زبوں حالی کا مقابلہ صرف مسلم لیگ (ن) ہی کر سکتی ہے، کیونکہ ہماری پارٹی میں تجربہ کار، باصلاحیت اور ماہر سیاسی شخصیات موجود ہیں جو پورے نظام کو دوبارہ درست سمت میں گامزن کرنے کی کامل صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے اپنی ترجیحات کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بننے والی حکومت میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ان کے لیے روزگار کے نئے اور بہتر وسائل پیدا کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر جامع اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ راجہ فاروق حیدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست میں جلد مسلم لیگ (ن) کے زیرِ اہتمام حکومت قائم ہوگی اور ہماری اولین کوشش ہوگی کہ عوام کے تمام طبقوں کے درمیان باہمی پیار، محبت، ہم آہنگی اور یکجہتی کے رشتے استوار کیے جائیں۔
اتحاد کی اپیل اور ریاست کی بحالی کا عزم:
راجہ فاروق حیدر نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کو اس کی اصل، حقیقی اور خوشحال حالت میں واپس لانے کی تمام تر صلاحیت اور عزم صرف اور صرف مسلم لیگ (ن) ہی رکھتی ہے۔ انہوں نے تمام عوامی دھڑوں اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ باہمی اتحاد، اتفاق اور یگانگت سے رہیں تاکہ مشترکہ جدوجہد کے ذریعے تمام درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکے۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر ہائیکورٹ میں راجہ فاروق حیدر کی پٹیشن باضابطہ سماعت کے لیے منظور
انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت کا اصل مقصد صرف اقتدار حاصل کرنا نہیں بلکہ خطے میں گڈ گورننس قائم کرنا، انتظامی بگاڑ کا خاتمہ کرنا اور عوامی مسائل کو پائیدار بنیادوں پر حل کرنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تجربی کار ٹیم کی بدولت مسلم لیگ (ن) ریاست کو درپیش معاشی اور انتظامی بحران سے نکالنے میں مکمل طور پر کامیاب ہوگی۔




