مظفر آباد کے انتخابی حلقے ایل اے 31 کھاوڑہ 5 سے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار راجہ ثاقب مجید کامیاب ہو گئے ہیں، جبکہ وہ پہلی بار قانون ساز اسمبلی پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں خاتون سمیت مجموعی طور پر 7 نئے چہرے قانون ساز اسمبلی پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ اس مرحلے میں مظفر آباد ڈویژن سے 2 امیدوار جبکہ مہاجرین کی نشستوں پر 7 نئے لوگ انتخابی میدان جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔
مظفر آباد ڈویژن کے نتائج اور نیا اپ سیٹ:
انتخابی نتائج کے مطابق ایل اے 29 مظفر آباد سٹی سے بڑا اپ سیٹ دیکھنے کو ملا ہے، جہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار مختار احمد نے سابق وزیر حکومت بیرسٹر افتخار گیلانی کو شکست دی اور وہ پہلی بار قانون ساز اسمبلی پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:راجہ ثاقب مجید کیخلاف ایک اور مقدمہ درج ،مستقبل کیا ہوگا؟
اس کے ساتھ ہی ایل اے 31 کھاوڑہ سے راجہ ثاقب مجید کی فتح کے ساتھ مظفر آباد ڈویژن سے قانون ساز اسمبلی کا حصہ بننے والی نئی قیادت کی پیش رفت بھی مکمل ہو گئی ہے۔
مہاجرین کی نشستوں کے کامیاب امیدوار:
مہاجرین کی مختلف نشستوں پر بھی نئے امیدواروں نے اپنے نام فتح درج کروائی ہے۔ ایل اے 36 جموں 3 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد احسن رضا اور ایل اے 37 جموں 4 سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار مریم جاوید بھی پہلی بار اسمبلی پہنچنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
مزید برآں، ایل اے 38 جموں 5 سے ن لیگ کے ذیشان علی اور ایل اے 41 کشمیر ویلی 2 سے مسلم لیگ (ن) کے محمد عامر شاہ نے بھی فتح حاصل کرتے ہوئے پہلی بار قانون ساز اسمبلی میں اپنی انٹری دی ہے۔
ایل اے 43 اور گزشتہ مرحلے کی صورتحال:
ایل اے 43 کشمیر ویلی 4 میں بھی نیا اپ سیٹ ہوا، جہاں مسلم لیگ (ن) کے محمد یاسین لون نے سابق وزیر ٹرانسپورٹ جاوید بٹ اور مسلم کانفرنس کی مہر النساء کو شکست دے کر پہلی بار اسمبلی میں رسائی حاصل کی۔
مزید پڑھیں: ممبر الیکشن کمیشن سید نذیر الحسن گیلانی نے ایل اے 38 جموں 5 اور ایل اے 39 جموں 6 کے حتمی نتائج کا اعلان کر دیا
یاد رہے کہ انتخابات کے پہلے مرحلے میں بھی 5 نئے چہرے قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ ان منتخب ارکان میں چڑھوئی سے راجہ محمد ریاست خان، نکیال سے سردار عمیر نعیم، سہنسہ سے راجہ آصف، کھوئیرٹہ سے راجہ ایاز نثار اور سماہنی سے چوہدری محمد رزاق شامل ہیں جو ایوان تک پہنچے۔




