امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب میں بچے کے پیچھے دوڑ، جو بائیڈن پر طنز اور حاضرین کے قہقہے

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست نیواڈا میں منعقدہ ایک عوامی تقریب کے دوران اسٹیج پر موجود کمسن بچے کو گرنے سے بچاتے ہوئے سابق صدر جو بائیڈن پر غیر متوقع طنزیہ جملہ کس دیا، جس پر پوری تقریب قہقہوں اور تالیوں سے گونج اٹھی۔ اس پرمسرت تقریب کے دوران معصوم بچے اور صدر ٹرمپ کے درمیان ہونے والی دلچسپ اور نایاب گفتگو بھی تمام حاضرین کی خاص توجہ کا مرکز بنی رہی۔

یہ دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ڈونلڈ ٹرمپ نے لاس ویگاس سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی، سینڈرا اور ان کے شوہر بریڈ کو ان کے دو کمسن بچوں کے ساتھ ’ریڈ راک کیسینو ریزورٹ اینڈ اسپا‘ کے مرکزی اسٹیج پر مدعو کیا۔ اس خصوصی موقع پر امریکی صدر اپنی انتظامیہ کے اہم ’ٹرمپ اکاؤنٹس پروگرام‘ کے ساتھ ساتھ ’ٹپس پر ٹیکس نہیں‘ سے متعلق معاشی پالیسی کی تشہیر میں مصروف تھے۔

جو بائیڈن پر طنز اور اسٹیج پر پیش آنے والا دلچسپ واقعہ:

تقریب کا ماحول اس وقت شگفتہ ہوا جیسے ہی سینڈرا نے حاضری سے اپنا باضابطہ خطاب شروع کیا اور ان کا ننھا بیٹا اچانک اسٹیج کے کنارے سے نیچے جانے کے لیے آگے بڑھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فوری طور پر آگے بڑھ کر ہاتھ کے اشارے سے بچے کو روکا اور ہنس کر جملہ ادا کیا کہ وہ نہیں چاہتے کہ یہ بچہ بائیڈن کی طرح اسٹیج سے نیچے گر جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کے پاس آخری موقع ہے ورنہ پچھتائے گا، ٹرمپ کی ایک اور دھمکی

صدر کے اس فی البدیہہ اور طنزیہ جملے کو سنتے ہی ہال میں موجود تمام افراد بے ساختہ قہقہے لگانے لگے اور زوردار تالیوں سے تقریب گونج اٹھی۔ اس واقعے کے فوراً بعد بچے کی والدہ سینڈرا نے مسکراتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مخاطب ہو کر کہا کہ جناب صدر یہ بچہ آپ سے کچھ کہنا چاہتا ہے، جس پر ٹرمپ نے انتہائی خوش دلی اور مسکراہٹ کے ساتھ جواب دیا کہ جی، اپ کا بہت شکریہ۔

ننھے بچے کا مائیکروفون پر شکریہ اور ٹرمپ کا ردِعمل:

اس کے بعد ننھے بچے نے پہلے تو اپنی معصومانہ بول چال میں کچھ الفاظ ادا کیے جس پر اس کی والدہ نے آہستہ سے رہنمائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ٹرمپ اکاؤنٹ کے لیے صدر کا شکریہ ادا کرے۔ بچے نے اس رہنمائی پر فوراً عمل کرتے ہوئے مائیکروفون سنبھالا اور صاف اور واضح الفاظ میں اپنے ٹرمپ اکاؤنٹ کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔

بچے کے اس معصوم جملے پر ہال میں موجود تمام شرکاء نے ایک بار پھر پرجوش تالیاں بجائیں جبکہ صدر ٹرمپ نے بھی مسکراتے ہوئے شاباش دی اور تالیاں بجا کر اس بچے کی حوصلہ افزائی کی۔ تقریب کے باقاعدہ آغاز میں صدر ٹرمپ نے اس خاندان کا تعارف کراتے ہوئے بتایا تھا کہ سینڈرا لاس ویگاس کے کیسینو میں بطوری ویٹریس کام کرتی ہیں جبکہ ان کے شوہر بریڈ لاس ویگاس میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ میں بحیثیت پولیس افسر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ایران پر حملے روکنے کے ٹرمپ کے اعلان کا اثر، خام تیل چار ڈالر سے زائد فی بیرل سستا

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق اس محنت کش جوڑے کو ان کی انتظامیہ کی جانب سے پیش کردہ ٹیکس پالیسیوں سے سیدھا فائدہ پہنچا ہے اور وہ اپنے دونوں بچوں کی محفوظ آمدنی کے لیے ٹرمپ اکاؤنٹس میں باقاعدہ سرمایہ کاری انجام دے رہے ہیں۔ اس خاندان کو اسٹیج پر خوش آمدید کہتے ہوئے امریکی صدر نے انہیں ایک انتہائی خوبصورت اور شاندار خاندان قرار دیا۔ واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ خود بھی 5 بچوں کے والد ہیں جبکہ وہ 11 پوتے پوتیوں اور نواسے نواسیوں کے دادا اور نانا کا درجہ رکھتے ہیں۔