دوسرا ٹیسٹ،پاکستانی بولرز کا کم بیک، ویسٹ انڈیز ٹیم344رنز پر ڈھیر، بیٹرز کی بھی شاندار کارکردگی

پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 344 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

میزبان ٹیم کی جانب سے جسٹن گریوز اور روسٹن چیز نے نصف سنچریاں اسکور کیں جبکہ پاکستان کی جانب سے آف اسپنر ساجد خان 4 وکٹیں حاصل کرکے سب سے کامیاب بولر رہے۔

یہ بھی پڑھیں:دوسرا ٹیسٹ، ویسٹ انڈیز نے پہلے دن 5وکٹوں پر 239رنز بنالئے

پورٹ آف اسپین میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز میں 344 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، جو اس سیریز میں کسی بھی ٹیم کا اب تک کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔

کھیل کے دوسرے روز ویسٹ انڈیز نے اپنی نامکمل اننگز 239 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو جسٹن گریوز اور روسٹن چیز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت ٹیم کے مجموعی اسکور میں مزید 105 رنز کا اضافہ کیا۔

جسٹن گریوز 73 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ روسٹن چیز نے 70 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ برینڈن کنگ نے 46، شائی ہوپ نے 29، عامر جنگو 26، تیگ نارائن چندرپال 15 اور کیوم ہوج 10 رنز بنا سکے۔

پاکستانی بولرز نے دن کے آغاز میں جلد وکٹ لینے کی کوشش کی تاہم روسٹن چیز نے محمد علی کو دو خوبصورت چوکے لگا کر دباؤ کم کیا۔

اس موقع پر کپتان بابر اعظم نے نئی گیند بائیں ہاتھ کے اسپنر علی عثمان کو تھمائی، جنہوں نے اپنی پہلی ہی گیند پر جسٹن گریوز کو آؤٹ کر دیا۔ گریوز کا کیچ شارٹ تھرڈ پر موجود اویس ظفر نے لیا۔

روسٹن چیز نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور کیمار روچ کے ساتھ ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا تاہم نئی گیند سے دن کا پہلا اوور کرانے والے عبید شاہ نے اپنی پہلی ہی گیند پر شاندار کراس سیم ڈلیوری کے ذریعے روسٹن چیز کو بولڈ کر دیا۔

شمار جوزف زیادہ دیر مزاحمت نہ کر سکے اور ساجد خان نے انہیں آؤٹ کر دیا جبکہ کیمار روچ اور جیڈن سیلز نے لنچ سے قبل مزید 18 رنز جوڑ کر پاکستان کو کچھ دیر مزید انتظار پر مجبور رکھا۔

آخرکار ساجد خان نے اضافی باؤنس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جیڈن سیلز کی وکٹ بھی حاصل کر لی اور ویسٹ انڈیز کی اننگز 344 رنز پر اختتام پذیر ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں:ابوظبی ورلڈ جوجِٹسو چیمپئن شپ: پاکستان نے 2 گولڈ اور ایک برانز میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی

پاکستان کی جانب سے آف اسپنر ساجد خان نے سب سے کامیاب بولر ثابت ہوتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ محمد علی، عبید شاہ اور علی عثمان نے 2، 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

میچ کے دوران پاکستان کو ایک تشویش کا سامنا بھی کرنا پڑا، جب شارٹ لیگ پر فیلڈنگ کرنے والے اذان اویس کندھے پر گیند لگنے کے باعث زخمی ہو گئے اور انہیں میدان چھوڑنا پڑا۔

ویسٹ انڈیز کے 344 رنز کے جواب میں اب پاکستان کی بیٹنگ لائن کو مضبوط آغاز کرتے ہوئے پہلی اننگز میں برتری حاصل کرنے کی کوشش کرنا ہوگی۔

ادھرویسٹ انڈیز کے پہلی اننگز کے 344 رنز کے جواب میں پاکستان کی جانب سے اوپنر امام الحق اور اذان اویس نے پہلی وکٹ پر34 رنز بنائے۔ امام 14 رنز بناکر شیمار جوذف کا شکار بنے۔

اذان اویس نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔ تیسری وکٹ پر عبداللہ شفیق اور بابر اعظم نے168 رنز کی نا قابل شکست شراکت بنائی ہے۔ اس دوران عبداللہ شفیق نے کیریئر کی چھٹی سنچری مکمل کی۔

ٹیسٹ کے دوسرے دن کے اختتام تک پاکستان نے 2 وکٹ پر 266 رنز بنالیے۔عبداللہ شفیق 107 اور بابر اعظم 86 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں ۔پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی اننگز میں مزید 78ر نز کا خسارہ ہے۔