آزادکشمیر الیکشن میں بدترین دھاندلی،نتائج قبول نہیں کرینگے، راجہ پرویز اشرف

سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ انتخابی عمل شفاف نہیں رہا۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دھاندلی زدہ انتخابات کے نتائج کو کوئی بھی تسلیم نہیں کرے گا۔پیپلز پارٹی نے انتخابی دھاندلی کے ثبوت الیکشن کمیشن کو فراہم کیے، تاہم ان شکایات پر کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیرالیکشن: وادی کی 5نشستوں کے نتائج ،مسلم لیگ ن 3، پیپلز پارٹی کی 2 نشستوں پر کامیابی

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے دعویٰ کیا کہ میرپور ڈویژن میں پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدواروں کو شکست میں تبدیل کیا گیا۔تیسرے مرحلے کے الیکشن کے بائیکاٹ پر غور کرسکتے ہیں۔

نکیال میں انتخابی عمل کے دوران پیپلز پارٹی کا ایک کارکن جان سے گیا، جبکہ جاوید ایوب کے حلقے میں پولنگ یہ کہہ کر ملتوی کر دی گئی کہ پولنگ کا سامان نہیں پہنچا۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے یہی تاثر ملتا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں ‘سب کچھ پہلے سے طے’ ہے۔

دھاندلی سے حاصل ہونے والے انتخابی نتائج نہ عوام کے اعتماد کی نمائندگی کریں گے اور نہ ہی ایسی حکومت عوامی مسائل کے حل کی صلاحیت رکھے گی۔

دوسری جانب آئی پی پی کے صدر سردار تنویر الیاس نے بھی تیسرے مرحلے کے الیکشن کا بائیکاٹ کر دیا سابق وزیر اعظم آزادکشمیر و استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کے صدر سردار تنویر الیاس خان نے مسلم لیگ ن پر آنتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کردیا۔۔

سردار تنویر الیاس کا کہناتھا کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے عوام کے قتل عام کے ذمہ دار ہیں. انتخابات میں دھاندلی کرائی گئی.ہم ان انتخابات کے نتائج کو نہیں مانتے

سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے، مگر اس ذمہ داری کو پورا نہیں کیا گیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر الیکشن : پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کو سپورٹ کیا: خواجہ آصف

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما ووٹ چوری کو معمولی واقعہ قرار دے رہے ہیں، حالانکہ ‘بیلٹ پیپر جھوٹ نہیں بولتے’۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل پر عوام کا اعتماد برقرار رکھنے کے لیے شفافیت ناگزیر ہے۔ انہی روّیوں نے پاکستان میں جمہوریت کو اس نہج پر پہنچایا ہے۔

آزاد کشمیر میں بلدیاتی و انتخابی عمل کے مختلف مراحل کے دوران سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی شفافیت، پولنگ کے انتظامات اور نتائج کے حوالے سے تحفظات سامنے آتے رہے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی مسلسل دعویٰ کر رہی ہے کہ متعدد حلقوں میں انتخابی بے ضابطگیاں ہوئیں، جبکہ دیگر متعلقہ فریقین اپنے اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔