متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اپنے تمام اُمیدواروں کو ن لیگ کے حق میں دستبردار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) سندھ کا ایک وفد، صوبائی صدر بشیر میمن کی سربراہی میں، ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد پہنچا، جہاں وفد نے پارٹی کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر قائدین سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کے انتخابات، سیاسی تعاون اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی مکمل حمایت کرے گی اور پارٹی کے تمام اُمیدوار ن لیگ کے امیدواروں کے حق میں دستبردار ہو جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام مسلم لیگ (ن) کو کامیاب بنائیں گے اور اس کامیابی کو دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی تعاون کی کامیابی سمجھا جائے گا۔ڈاکٹر فاروق ستار نے اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے تین اہم مطالبات بھی سامنے رکھے۔
انہوں نے کہا کہ پہلا مطالبہ آئین کے آرٹیکل 140 اے سے متعلق مجوزہ آئینی ترمیمی بل پر پیشرفت ہے، دوسرا سندھ میں گورنر شپ ایم کیو ایم کو دی جائے جبکہ تیسرا مطالبہ یہ ہے کہ آزاد کشمیر میں حکومت سازی کی صورت میں ایم کیو ایم پاکستان کو بھی اتحادی جماعت کے طور پر حکومت میں شامل کیا جائے۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن نے ایم کیو ایم پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے تعاون سے انتخابات میں بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گورنر خواہ مسلم لیگ (ن) کا ہو یا ایم کیو ایم پاکستان کا، وہ پورے صوبے اور تمام عوام کا نمائندہ ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔




