راولپنڈی (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر انہیں کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ (NSC) مقرر کر دیا۔
اس سے قبل جنرل عامر رضا پاک فوج میں چیف آف جنرل اسٹاف (CGS) کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے جنرل عامر رضا، ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور ستارۂ بسالت کو ترقی اور نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم نے لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور اسٹار کے جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی
یہ نیا عہدہ پاکستان آرمی، ایئر فورس اور نیوی (ترمیمی) بل 2025 کی منظوری کے بعد قائم کیا گیا ہے۔ قانون سازی کے تحت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (CJCSC) کا عہدہ ختم کر کے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا نیا منصب تشکیل دیا گیا۔
جنرل عامر رضا کون ہیں؟
جنرل عامر رضا کی فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی ان کے طویل اور نمایاں پیشہ ورانہ کیریئر کا تسلسل ہے۔ انہوں نے جی ایچ کیو میں چیف آف جنرل اسٹاف کے طور پر خدمات انجام دیں، جہاں انہیں عسکری حکمت عملی، آپریشنل منصوبہ بندی اور فوجی امور میں کلیدی کردار ادا کرنے کا وسیع تجربہ حاصل ہوا۔
اس سے قبل وہ ڈائریکٹر جنرل ویپنز اینڈ ایکوپمنٹ اور چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (HIT) بھی رہ چکے ہیں، جس کے باعث انہیں دفاعی ٹیکنالوجی اور عسکری سازوسامان کے شعبے میں بھی گہرا تجربہ حاصل ہے۔
جنرل عامر رضا کا تعلق آرمرڈ کور سے ہے اور وہ پاک فوج میں مختلف کمانڈ، اسٹاف اور تربیتی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جنرل عامر رضا کی تقرری اس بات کا مظہر ہے کہ پاک افواج اعلیٰ عسکری ذمہ داریوں کے لیے پیشہ ورانہ صلاحیت، تجربے اور موزونیت کو بنیادی معیار بناتی ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے ، شہباز شریف
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنرل عامر رضا اپنے وسیع تجربے اور پیشہ ورانہ مہارت کے باعث اس نئے ہیڈکوارٹر کی قیادت کے لیے موزوں ترین انتخاب ہیں، جو مستقبل میں پاکستان کے اسٹریٹجک شعبے میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔




