ن لیگ کی بڑی کامیابی،گوجر قومی پارٹی کے امیدوار دانش صغیر دستبردار

مظفرآباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی موجودگی میں گوجر قومی پارٹی کے امیدوار دانش صغیر نے اپنے ہزاروں کارکنوں، دوستوں، حامیوں اور گوجر برادری کے افراد کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے حلقہ LA-30 ہٹیاں دوپٹہ سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف، سابق ڈپٹی اسپیکر و جنرل سیکریٹری مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا مرتضیٰ جاوید عباسی اور سینئر لیگی رہنما سردار بشیر عباسی بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں:بلاول بھٹو غلط فہمی میں نہ رہیں،ن لیگ بلیک میلنگ میں نہیں آئیگی، شاہ غلام قادر

انجینئر امیر مقام نے دانش صغیر اور ان کے ساتھیوں کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پارٹی قیادت اور قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کی جانب سے خوش آمدید کہا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کا اعتماد پارٹی کی قیادت اور اس کی عوام دوست پالیسیوں پر مضبوط ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت، ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کی سیاست پر یقین رکھتی ہےجبکہ آزاد کشمیر میں بھی پارٹی عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے پرعزم ہے۔

اس موقع پر دانش صغیر نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حلقہ LA-30 ہٹیاں دوپٹہ سے پارٹی امیدوار ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر کے حق میں دستبردار ہونے اور اپنی تمام تر سیاسی و انتخابی مہم ان کی کامیابی کے لیے وقف کرنے کا اعلان کیا۔

تقریب میںصدر گوجر قومی پارٹی چوہدری صغیر یعقوب، چوہدری فتح یاب (چیف آرگنائزر گوجر قومی پارٹی)، چوہدری شوکت گوجر، میر سجاد سمیت گوجر برادری کی ممتاز شخصیات، مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں، ہزاروں کارکن، دوست حامی اور مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں:تنویر الیاس کی نیلم میں انٹری، پیپلزپارٹی، ن لیگ کو بڑا جھٹکا دیدیا

شرکاء نے دانش صغیر کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حلقہ LA-30 ہٹیاں دوپٹہ میں ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر کی کامیابی کے لیے بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل انجیئر رفاقت اعوان بھی مصطفی بشیر عباسی کے حق میں دستبردار ہو چکے ہیں جس سے مصطفی بشیر عباسی کی پوزیشن مستحکم ہو گئی ہے۔