اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) الیکشن کمیشن نے 4 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم کرتے ہوئے اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کا سیاسی جماعتوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران ای سی پی نے 4 مزید سیاسی جماعتوں کو ڈی لسٹ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیاسی جماعتوں کو مختلف وجوہات کی وجہ سے ڈی لسٹ کیا گیا ہے اور چاروں سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم کرنے کے نوٹیفکیشنز بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جن سیاسی جماعتوں کو ڈی لسٹ کیا گیا ہے، ان میں ٹیکنالوجی موومنٹ پاکستان، عوامی جمہوری پارٹی پاکستان،ہم عوام پاکستان پارٹی اور پاکستان ریفارم پارٹی شامل ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:الیکشن مہم 31جولائی اور یکم اگست کی درمیانی شب ختم،الیکشن کمیشن کا اعلامیہ جاری
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ان سیاسی جماعتوں کو انٹرا پارٹی انتخابات،سالانہ گوشوارے اور دیگر تقاضے پورے نہ کرنے پر ڈی لسٹ کیا گیا ہے۔
ان 4 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخی کے بعد سیاسی جماعتوں کی تازہ فہرست جاری کردی گئی ہے، جس کے مطابق الیکشن کمیشن میں درج سیاسی جماعتوں کی تعداد کم ہوکر 164 ہوگئی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کشمیر میں فیصلے بلٹ سے نہیں بیلٹ سے ہونے چاہئیں،پی ٹی آئی کی طرف ہاتھ بڑھاوں گا، بلاول بھٹو
واضح رہے کہ پی ٹی آئی اور ٹی ایل پی بغیر کسی تنظیم کے فہرست میں موجود ہیں۔ الیکشن کمیشن اس سے پہلے پاک سرزمین پارٹی،استحکام پاکستان تحریک کو ڈی لسٹ کرچکا ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے پاکستان جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی سمیت 8 سے زائد سیاسی جماعتوں کو بھی ڈی لسٹ کیا ۔




