اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے بتایا ہے کہ پاکستان نے انسانی بنیادوں پر تقریباً 16 ہزار افغان شہریوں کے قیام میں توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ قانونی ویزا یا باقاعدہ سفری دستاویزات رکھنے والے کسی بھی افغان شہری کو پاکستان سے بے دخل نہیں کیا گیا ہے۔
آئی ایف آر پی کے تحت کیسز اور توسیع کی تفصیلات:
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آئی ایف آر پی (IFRP) کے تحت اس وقت تقریباً 89 ہزار افغان شہریوں کے کیسز پر قانونی کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جن 16 ہزار کے قریب افغان شہریوں کو انسانی بنیادوں پر پاکستان میں قیام کی توسیع دی جا رہی ہے ان میں خواتین، بچے اور بزرگ شہری شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا افسران سمیت 4 افراد گرفتار: افغان شہریوں کے لیے جعلی دستاویزات بنانے والا نیٹ ورک بے نقاب
چترال سرحد کے قریب واقعے پر ردعمل:
چترال کے قریب سرحدی علاقوں میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق بات کرتے ہوئے طاہر اندرابی نے کہا کہ اس معاملے پر ابھی کوئی مصدقہ معلومات دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ افغانستان کی جانب سے آنے والی اطلاعات کی زمینی سطح پر تصدیق انتہائی ضروری ہے، اور اس طرح کی غیر مصدقہ رپورٹس پر فی الوقت تبصرہ کرنا بالکل مناسب نہیں ہے۔




