مظفرآباد: پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کے درمیان اہم ملاقات، سیاسی کشیدگی میں کمی کا امکان

مظفرآباد کے ایک نجی ہوٹل میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کے درمیان ایک اہم اور اعلیٰ سطحی ملاقات شروع ہو گئی ہے۔

اس اہم اجلاس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی اور صوبائی رہنما شریک ہیں، جسے آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی فضا میں جاری تناؤ کے پیش نظر انتہائی اہم ترین سیاسی سرگرمی قرار دیا جا رہا ہے۔

اجلاس میں شریک اعلیٰ سطحی وفود اور رہنما:

اجلاس میں پیپلز پارٹی کی جانب سے قمر زمان کائرہ، نیئر بخاری اور وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سمیت دیگر سینئر رہنما شریک ہیں۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے وفد میں وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام، سردار محمد یوسف، مرتضیٰ جاوید عباسی اور دیگر اہم شخصیات موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد: چیئرمین بلاول بھٹو کے جلسہ عام کی تیاریاں ، شوکت جاوید میر نے انتظامات کا جائزہ لیا

ملاقات کے آغاز پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے ایک دوسرے کو گرم جوشی سے گلے لگایا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی مظفرآباد کے اسی نجی ہوٹل میں موجود ہیں، تاہم وہ اس ابتدائی مشاورت میں شریک نہیں ہیں۔

سیاسی کشیدگی کے خاتمے اور آئندہ لائحہ عمل پر مشاورت:

ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں دونوں جماعتوں کے درمیان درپیش حالیہ سیاسی کشیدگی، بیان بازی اور لفظی جنگ کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ اس گفتگو کا بنیادی مقصد سیاسی ماحول کو بہتر بنانا اور باہمی اعتماد کی بحالی کو یقینی بنانا ہے۔ ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر بھی سیر حاصل مشاورت کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: ڈریں اس وقت سے جب ہم کہیں یہ الیکشن نہیں مانتے، بلاول بھٹو نے انتباہ

علاوہ ازیں، دونوں جماعتوں کے درمیان رابطوں کو مزید مؤثر اور فعال بنانے پر بھی بات چیت جاری ہے۔ مظفرآباد میں ہونے والی اس اہم ملاقات پر تمام سیاسی حلقوں کی گہری نظریں جمی ہوئی ہیں اور اہم فیصلوں کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اہم بیٹھک کے مثبت نتائج سے آزاد کشمیر کی سیاسی فضا میں جاری کشیدگی میں واضح کمی آنے کا امکان ہے۔