مظفرآباد: 54 روز کی طویل بندش کے بعد دارالحکومت مظفرآباد ،ضلع جہلم ویلی اور نیلم ویلی میں انٹرنیٹ سروس بحال کر دی گئی۔
انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے بعد شہریوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں اس نوعیت کی طویل بندش سے گریز کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:میرپور میں انٹرنیٹ سروس بحال ، بلاول بھٹو کا سوشل میڈیا پربیان جاری
گزشتہ 54 روز کے دوران طلبہ، تاجروں، صحافیوں، سرکاری و نجی اداروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو آن لائن رابطوں، تعلیمی سرگرمیوں اور کاروباری معاملات میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
سروس بحال ہونے کے بعد متاثرہ علاقوں میں معمول کی آن لائن سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو گئی ہیں۔
مظفرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک صحافی کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قائمقام صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مظفرآباد میں انٹرنیٹ سروسز کی بحالی کا مطالبہ کیا اور اگلے پانچ منٹ میں سروس بحال ہونا شروع ہو گئی ۔
یاد رہے کہ میرپور ڈویژن میں بھی چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے مطالبہ پر ہی انٹرنیٹ سروس بحال کی گئی تھی۔
یہ بھی یاد رہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری آج مظفرآباد میں اہم جلسہ کرنے جا رہےہیں، انٹرنیٹ بحال ہونے پر سیاسی کارکنوں نے خیر مقدم کیا ہے کیونکہ انتخابات کو 3 دن باقی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:چوہدری یٰسین کا چیف الیکشن کمشنر کو خط ،انٹرنیٹ فوری بحالی کا مطالبہ
انٹرنیٹ سروس بحال ہونے پر آخری دودن امیدوار اور سیاسی کارکن بھرپور انتخابی مہم چلا سکیں گے۔
انٹرنیٹ سروس بحال ہونے پر طلباء وطالبات کی مشکلات کا بھی ازالہ ہوسکے گا جو انٹرنیٹ سروس نہ ہونے پرمشکلات کا شکار تھے جب دور دراز مقیم سرکاری ملازمین بھی قریبی بینکوں سے اپنی تنخواہیں وصول کر سکیں گے۔




