امام مسجد، خاتون و بچےکی شہادت اور کرفیو کی تمام خبریں من گھڑت ہیں،میرپور انتظامیہ

میرپور (کشمیر ڈیجیٹل) ترجمان ضلعی انتظامیہ میرپور کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر امام مسجد، خاتون و بچے کے جاں بحق ہونے اور کرفیو سے متعلق چلنے والی خبریں جھوٹی، من گھڑت اور حقائق کے منافی ہیں۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ میرپور نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی یہ خبر کہ گزشتہ روز پیش آنے والے واقعہ میں بلال مسجد کے امام، عنایت اللہ ساکن کھاریاں، کو مسجد میں شہید کر دیا گیا ہے، سراسر غلط، بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے، جس میں کوئی صداقت نہیں۔

اسی طرح میرپور میں کرفیو نافذ کیے جانے یا حکومت کی جانب سے اس نوعیت کے دیگر اقدامات کی اطلاعات بھی مکمل طور پر بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ میرپور شہر کھلا ہے اور امن و امان کی صورتحال انتہائی تسلی بخش ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی پر الیکشن کمیشن کا 48گھنٹے بعد بھی کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا،راجہ پرویز اشرف

، ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز میرپور کے مختلف مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان پیش آنے والے افسوسناک واقعات میں کوئی خاتون یا بچہ بھی جاں بحق نہیں ہوا۔

تاہم ان افسوسناک واقعات میں مجموعی طور پر تین افراد جاں بحق ہوئے ۔ترجمان ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ آج میرپور میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر معمول کے مطابق ہے۔ شہری اپنے روزمرہ معمولات بلا رکاوٹ انجام دے رہے ہیں۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی کہ گزشتہ روز پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے حوالے سے صرف مستند سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر ہرگز یقین نہ کریں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور ڈویژن الیکشن:کامیاب امیدواروں کانوٹیفکیشن جاری

ترجمان ضلعی انتظامیہ میرپور نے تمام شہریوں سے یہ پرزور اپیل بھی کی ہے کہ وہ امن و امان کے قیام، سماجی ہم آہنگی اور قانون کی پاسداری کے فروغ میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔۔

غیر مصدقہ اطلاعات کو آگے پھیلانے سے اجتناب کریں اور کسی بھی خبر کی تصدیق صرف متعلقہ سرکاری ذرائع سے کریں تاکہ افواہوں کا سدباب ہو اور شہر بھر میں امن و امان برقرار رہے ۔