مظفرآباد (سٹاف رپورٹر ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان شاء اللہ 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن سمیت مہاجرین کے انتخابی حلقوں سے پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔
یہ جیت صرف ایک امیدواروں کی نہیں بلکہ کشمیر کی امید اور پیپلز پارٹی کے تین نسلوں پر محیط نظریے کی فتح ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مقابلہ ان جماعتوں سے ہے جو دھاندلی سے اقتدار تک پہنچتی ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ وہ مبشر منیر اعوان کا تہہ دل سے شکر گزار ہیں ۔ ہم تو آپ کی دعوت پر یہاں صرف عشائیے میں شرکت کیلئے آئے لیکن آپ کی محبت نے اس عشائیے کو ایک بڑے جلسے کی شکل دے دی۔
یہاں کے عوام کا جوش و جذبہ اور پاکستان پیپلز پارٹی سے ان کی محبت دیکھ کر مجھے بے حد خوشی ہوئی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور ڈویژن الیکشن:کامیاب امیدواروں کانوٹیفکیشن جاری
انہوں نے امیدوار کو پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ مبشر منیر اعوان کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔ 2 اگست کو آپ کی کامیابی یقینی ہوگی۔ یہ صرف آپ کی نہیں بلکہ پیر کی، کشمیر کی اور پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی ہوگی۔
چیئرمین بلاول نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ آپ کے سامنے ہے۔ آپ ہماری تین نسلوں کا سیاسی سفر اور جدوجہد دیکھ سکتے ہیں۔ ہم تین نسلوں سے کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرتے آ رہے ہیں، اور پاکستان کے عوام کے حقوق کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔
ہم انسانی حقوق، جمہوریت، مزدوروں، کسانوں اور پسماندہ طبقات کی آواز بنتے آئے ہیں۔ یہ کام آج سے نہیں بلکہ تین نسلوں سے پاکستان پیپلز پارٹی کی روایت رہا ہے۔
انہوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا مقابلہ اُن سیاسی جماعتوں سے ہے جو نسل در نسل صرف اقتدار کی پیداوار رہی ہیں۔
پاکستان کی تاریخ میں ایسا کوئی ایک بھی الیکشن نہیں جس میں یہ جماعتیں صرف عوام کے ووٹ کی طاقت سے کامیاب ہوئی ہوں۔
اگر کبھی اقتدار میں آئیں بھی، تو یہ ایک تاریخی حقیقت ہے کہ وہ عوام کے اعتماد یا اپنی کارکردگی کی بنیاد پر نہیں بلکہ دھاندلی کے ذریعے اقتدار تک پہنچیں۔”
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی پر الیکشن کمیشن کا 48گھنٹے بعد بھی کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا،راجہ پرویز اشرف
مبشر منیر اعوان کا جذباتی خطاب:
انہوں نے عوام کی محبت کا ذکر کرتے ہوئے کہا”چیئرمین صاحب! ہمیں ہدایت ملی تھی کہ چونکہ یہ ایک عشائیہ ہے، اس لیے تقریب میں صرف 100 سے 150 افراد کو مدعو کیا جائے، کیونکہ کل بڑا جلسہ ہے اور ہمیں اس کی تیاری بھی کرنی ہے۔ لیکن یہ آپ سے لوگوں کی بے پناہ محبت کا ثبوت ہے کہ بغیر کسی باقاعدہ اطلاع کے بھی لوگ بڑی تعداد میں یہاں پہنچ گئے۔
مبشر منیر اعوان نے اپنی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ”ان شاء اللہ، حلقہ نمبر 4 سے پاکستان پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔
جناب چیئرمین! آپ کی دعاؤں کا طلبگار ہوں۔ میں اُس وقت کو کبھی نہیں بھول سکتا جب میرے والدِ محترم شہید ہوئے تھے۔ اُس موقع پر بے نظیر بھٹو شہید (بی بی رانی) نے ہمیں فون کر کے تعزیت کی، تعزیتی خط بھیجا، اور ہمارے خاندان کو پارٹی ٹکٹ سے نوازا۔
انہوں نے کہاخدا کی قسم! اگر ہمیں کوئی دوسری جماعت وزارتِ عظمیٰ کی پیشکش بھی کرے، تب بھی ہم کبھی پاکستان پیپلز پارٹی کو نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر ہماری جان ہیں۔
آخر میں مبشر منیر اعوان نے کہاکہ “ان شاء اللہ، چیئرمین صاحب! میری بچپن سے یہ خواہش تھی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں وہ دن دکھائے جب آپ ہماری دھرتی پر تشریف لائیں۔
آج اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے سال 2026 میں میری یہ دیرینہ خواہش پوری فرما دی۔۔جلسہ گاہ میں موجود کارکنوں نے پاکستان پیپلز پارٹی اور قیادت کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔




