کویتی وزیر خارجہ اہم دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد: کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔

کویتی وزیر خارجہ 28 اور 29 جولائی کو پاکستان کے دورے پر رہیں گے۔ وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

یہ بھی پڑھیں:جوابی کارروائی ، ایران کا بحرین اور کویت میں امریکی اہداف پر ڈرون حملوں کا دعویٰ

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کویتی وزیر خارجہ دورے کے دوران نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گےجس میں پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس کے علاوہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح اپنے دورہ پاکستان کے دوران ملک کی اعلیٰ سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے، جن میں باہمی تعاون، اقتصادی روابط، سرمایہ کاری اور خطے کی مجموعی صورتحال پر گفتگو متوقع ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے اور مشترکہ شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا مظہر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جوابی کارروائی ، ایران کا بحرین اور کویت میں امریکی اہداف پر ڈرون حملوں کا دعویٰ

واضح رہے کہ 18 جولائی کو نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ان کے کویتی ہم منصب شیخ جراح جابر الاحمد الصباح کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا۔ جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

اس موقع پر کویتی وزیر خارجہ نے خطے میں مکالمے کے فروغ اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری اور مصالحتی کردار کو سراہا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کویتی کابینہ نے پاکستان کیساتھ دفاعی معاہدہ کی منظوری دی تھی۔