اسلام آباد( عامر اقبال ہاشمی سے) میرپورڈویژن کے13حلقوں میں سے 12حلقوں کے غیر حتمی سرکاری نتائج آ گئے ہیں اور بڑے اپ سیٹ ہو گئے ہیں ۔
حلقہ سماہنی میں ووٹ جلانےکی وجہ سے نتائج روک لئے گئے ہیں ، سماہنی میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محمد رزاق کی لیڈ زیادہ ہونے کے باعث یہ سیٹ بھی کنفرم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: میرپور ڈویژن انتخابات،11حلقوں کے مکمل نتائج آگئے،ن لیگ 7، پیپلزپارٹی4پر کامیاب
13حلقوں میں سے9حلقے مسلم لیگ(ن)کے امیدواروں نے جیت لئے جبکہ پیپلزپارٹی نے4نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
انتخابات میں سابق وزیراعظم چوہدری انوارالحق، صدر پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری محمد یاسین کو آبائی سیٹ چڑہوئی، سابق وزیر حکومت جاوید اقبال بڈھانوی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی طرف سے 5 امیدوار پہلی بار اسمبلی پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جن میں چڑہوئی سےراجہ ریاست خان، نکیال سے سردار عمیر نعیم،سہنسہ سے راجہ آصف، کھوئیرٹہ سے راجہ ایاز نثاراور سماہنی سے چوہدری رزاق شامل ہیں۔
حلقہ چڑہوئی سے مسلسل جیتنے والے چوہدری محمد یاسین کو راجہ محمد ریاست خان سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ یہاں پیپلزپارٹی نے دھاندلی کے الزامات بھی لگائے ہیں۔
نکیال سے مسلم لیگ(ن) کے سردار عمیر نعیم نے غیر متوقع طور پر سابق وزیر حکومت جاوید اقبال بڈھانوی کو شکست دیدی ہے اور ایک بار پھر اقتدار سردار سکندر حیات کے خاندان(بھتیجے) کے پاس آ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی نے چڑہوئی میں دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کردیا، نتائج روک لئے گئے
سہنسہ سے سابق وزیرحکومت راجہ نصیر خان مرحوم کے بھتیجے راجہ آصف نے پی پی رہنما چوہدری اخلاق، کھوئیرٹہ سے سابق وزیر حکومت راجہ نثار خان کے فرزند راجہ ایاز نثارنے ولید انقلابی اور نثار انصر ابدالی کو شکست دی۔
سماہنی سے چوہدری رزاق نے مسلسل 3 بار جیتنے والے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار علی شان سونی کو شکست سے دوچار کیا ہے۔




