پاکستان

پہلاٹیسٹ : ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 282 رنز بنا کر آؤٹ

ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان اپنی پہلی اننگز میں 282 رنز بنا کر آؤٹ ہوگیا، جس کے بعد میزبان ٹیم نے دوسری اننگز میں کھیل کا آغاز کرتے ہوئے اپنی برتری مزید مستحکم کرنے کی کوشش شروع کر دی۔

برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں کھیلے جا رہے میچ میں تیسرے روز پاکستان نے 199 رنز پر 3 وکٹوں کے نقصان سے اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی۔

اُمید کی جا رہی تھی کہ قومی ٹیم پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کا اسکور عبور کر کے برتری حاصل کرے گی، تاہم شان مسعود کے علاوہ دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔

قومی ٹیم کی پوری اننگز 80.1 اوورز میں 282 رنز پر اختتام پذیر ہوئی، جو ویسٹ انڈیز کے پہلی اننگز کے 311 رنز سے 29 رنز کم تھا۔

کپتان شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 109 رنز کی شاندار سنچری اسکور کی جبکہ امام الحق نے 63 رنز کی اننگز کھیل کر ان کا اچھا ساتھ دیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز ،قومی اسکواڈ کا اعلان،2 تبدیلیاں

ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بلے باز بڑی شراکت قائم نہ کر سکا، جس کے باعث ٹیم بڑا مجموعہ بنانے میں ناکام رہی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جسٹن گریوز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 اہم وکٹیں حاصل کیں اور پاکستانی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار رکھا۔

ان کے علاوہ تجربہ کار کیمار روچ اور شمر جوزف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ جیڈن سیلز نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستان کو پہلی اننگز میں 29 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا۔

میزبان ٹیم نے اگرچہ ابتدا میں دو وکٹیں جلد گنوا دیں، تاہم 25 رنز بنا کر مجموعی برتری 54 رنز تک پہنچا دی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:انعم عزیر نے پاکستان کی پہلی 100 کلومیٹر الٹرا میراتھون جیت کر ایک اور سنگ میل عبور کر لیا

میچ کے تیسرے روز کے اختتام تک پاکستان کی نظریں جلد از جلد مزید وکٹیں حاصل کر کے ویسٹ انڈیز کو کم مجموعے تک محدود کرنے پر مرکوز ہیں ۔