کوٹلی(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے-13 کوٹلی 6 کھوئی رٹہ میں کل ہونے والے انتخابات کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کل اس حلقے میں 115,694 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 60,578 مرد اور 55,116 خواتین ووٹرز شامل ہیں، کل 193 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ جن میں 315 پولنگ بوتھ بنائے گے ہیں اس وقت کھوئی رٹہ میں 6 اُمیدوار میدان میں ہیں۔
پیپلز پارٹی کے ولید انقلابی۔ مسلم لیگ ن کے آیاز نثار تحریک استحکام کے نثار انصر ابدالی۔ مسلم کانفرنس کے راجہ صغیر، جماعت اسلامی کے حبیب الرحمٰن آفاقی اور آزاد ارسلان فیاض شامل ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام پولنگ اسٹیشنوں پر بنیادی سہولیات کی فراہمی، انتخابی عملے کی تعیناتی اور انتخابی سامان کی ترسیل کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پولنگ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ ادارے بھی اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے تاکہ ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور ڈویژن انتخابات: چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفی مغل کی عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل
سیاسی مبصرین کے مطابق حلقہ ایل اے-13 کوٹلی 6 کھوئی رٹہ کا انتخاب نہ صرف مقامی سطح پر بلکہ آزاد کشمیر کی مجموعی سیاست کے تناظر میں بھی خاص اہمیت کا حامل ہے۔
مختلف سیاسی جماعتوں نے انتخابی مہم کے دوران عوامی اجتماعات، کارنر میٹنگز اور گھر گھر رابطہ مہم کے ذریعے ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی، جبکہ انتخابی سرگرمیاں آخری روز تک عروج پر رہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:انتخابات کا پہلا مرحلہ: میرپور ڈویژن سے 287 امیدوار میدان میں، الیکشن کمیشن کے انتظامات مکمل
کل ہونے والی پولنگ کے دوران ووٹرز صبح سے شام تک مقررہ اوقات میں اپنے اپنے پولنگ اسٹیشنوں پر جا کر حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے پر غیر سرکاری اور بعد ازاں سرکاری نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔




