ننگرپارکر کے دیہی مرکز صحت دانوداندل میں کھڑی پی پی ایچ آئی ایمبولینس میں سلنڈر دھماکے اور آتشزدگی کے نتیجے میں 8افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 5 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق بی ایچ یو پلس میں کھڑی پی پی ایچ آئی ایمبولینس میں دھماکا ہوا، ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر تبدیل کرتے ہوئے آگ لگی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:ہری پور: خوفناک ٹریفک حادثہ، آئل ٹینکر نے گاڑیوں کو کچل دیا، 4 دوست جاں بحق
انہوں نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں حاملہ خاتون، 2 تیمار دار اور اسپتال عملے کے 4 ملازمین شامل ہیں، دھماکے کے زخمیوں کو سول اسپتال مٹھی منتقل کردیا گیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق انتظامیہ، ریسکیو اور محکمہ صحت کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔
ریسکیو ٹیموں کے مطابق دھماکے کے بعد لگنے والی آگ کی وجہ سے ایمبولینس مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئی ہے۔
ریسکیو انچارج کے مطابق واقعے میں شدید زخمی ہونے والے ایک شخص نےسول اسپتال مٹھی منتقل کئے جانے کے دوران راستے میں دم توڑا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں اسحاق تھیبو، ڈینو میگھواڑ اور پنی راجڑ شامل ہیں، جبکہ دیگر افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے ایک شیرخوار بچے اور ایک خاتون سمیت متعدد زخمیوں کو بھی اسپتال منتقل کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خونی حادثات کی روک تھام، کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورزکا طبی معائنہ کروانے کا فیصلہ
اسسٹنٹ کمشنر ننگرپارکر کے مطابق انتظامیہ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122 اور ٹاؤن حکام جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
واقعے کی وجوہات اور دھماکے کی نوعیت سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔




