عطاءتارڑ

کالعدم ایکشن کمیٹی کی سرگرمیاں کشمیر کاز کو نقصان پہنچا رہی ہیں : عطاء تارڑ

وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی سرگرمیاں کشمیر کاز کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں بھارتی فنڈنگ کے ذریعے افراتفری اور بے چینی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم ریاستی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس منصوبے کو ناکام بنا دیا۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مختلف علاقوں میں پوسٹرز اور سوشل میڈیا مہم کے ذریعے جھوٹا پروپیگنڈا کیا۔
ان کے مطابق قانون شکنی اورجتھہ بندی کی حوصلہ افزائی کی گئی جبکہ عوام کو ریاستی اداروں کیخلاف اُکسانے کیلئے منظم انداز میں گمراہ کن معلومات پھیلائی جاتی رہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت کو بھر پور جواب دے دیا، اب بات ہوگی تو کشمیر پر ہوگی ، عطاء تارڑ

انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس مہم کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی’’ ر‘‘ کا کردار موجود ہے۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے اس معاملے میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
تحقیقات کے دوران متعدد ایسے بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سامنے آئے ہیں جو پاکستان مخالف بیانیے کو فروغ دینے میں مصروف تھے۔
ان کے بقول ان اکاؤنٹس کے ذریعے پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف منظم پروپیگنڈا کیا جا رہا تھا، جس کے شواہد متعلقہ اداروں کے پاس موجود ہیں۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور بھارت کے درمیان روابط کے ثبوت سامنے آ چکے ہیں اور بھارتی فنڈنگ سے متعلق شواہد بھی دستیاب ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایران کی جانب سے مذاکرات میں شرکت کی تصدیق کا انتظار ہے،عطاء تارڑ

عطاء تارڑ نے کہا کہ ایسے عناصر اپنے اقدامات پر پوری قوم کے سامنے جوابدہ ہیں۔ وزیر اطلاعات نےمزید کہا کہ پاکستان نے بھارت کیخلاف نہ صرف عسکری محاذ پر کامیابیاں حاصل کیں بلکہ سفارتی سطح پر بھی مؤثر انداز میں اپنا مؤقف دنیا کے سامنے رکھا، جسے عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔