سرینگر (کشمیر ڈیجیٹل)مقبوضہ جموں وکشمیر میں طوفانی بارش کے باعث سرینگر جموں شاہراہ گاڑیوں کی آمد رفت کیلئے مسلسل بند ، شاہراہ جموں پر 1ہزار کے لگ بھگ گاڑیاں پھنس گئیں۔
بھارتی ہندوؤںکی سالانہ امرناتھ یاترا بھی 19جولائی سے بدستور معطل ہے، جموں ، کٹھوعہ ، سانبا ، ادھمپور ، رام بن اور بانیہال کے بیس کیمپوں میں 15ہزار سے زیادہ یاتری یاترا شروع ہونے کے انتظار میں ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دریاؤں میں سیلابی صورتحال،این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انتظامیہ نے بتایا کہ سرینگر جموں شاہراہ کے مختلف مقامات پر تازہ پسیاں ، مٹی کے تودے اور بڑے بڑے پتھر گر آنے کے باعث بحالی کے کام میں شدید دشوار ی کا سامنا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بحالی کا کام جاری ہے لیکن مسلسل بارش ملبہ ہٹانے اور مرمت کے کاموں میں رکاوٹ بن رہی ہے ۔ شاہراہ بند ہونے کے باعث رام بن، نگروٹہ ، ادھمپور ، لکھن پور اور سانبا میں ایک ہزار سے زائد گاڑیوں پھنس گئی ہیں۔
دریں اثنا مختلف مقامات پر بادل پھٹنے اور اسکے نتیجے میں پیداہونے والی سیلابی صورتحال کے سبب شدید تباہی مچادی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:امیرالعظیمؒ کی رحلت جماعت اسلامی پاکستان کیساتھ ہمارے لئے بھی ناقابل تلافی نقصان ہے، جماعت اسلامی جموں وکشمیر
مختلف واقعات میں اب تک کم ازکم 29افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ درجنوں افراد زخمی اور بے گھر ہوچکے ہیں۔ سب سے زیادہ تباہی پونچھ اور راجوری اضلاع میں ہوئی ہے ۔
پونچھ کے خوبصورت مقام سرنکوٹ میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جہاں بادل پھٹنے کی قدرتی آفت کے نتیجے میں پہاڑوں سے آنے والے پانی کے شدید بہاؤ اور مٹی کے تودے گرنے سے متعدد بستیاں لپیٹ میں آگئیں۔




