ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث آزادکشمیر ،خیبر پختونخوا سمیت پنجاب میں طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔
لاہور میں متعدد حادثات، شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ جبکہ خیبر پختونخوا میں لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈ کے خدشات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ۔
پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا، آزادکشمیر میں آج سے 27 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا۔
آزادکشمیر کے بالائی علاقوں نیلم ، جہلم ویلی،باغ، حویلی ، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ حساس علاقوں کے ندی نالوں میں فلیش فلڈ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی سے کھڑی فصلوں اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ سیاحوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سماہنی:چوہدری عبدالرزاق اور علی شان سونی کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع
دوسری جانب لاہور میں مسلسل اور وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے جانی نقصان اور معمولات زندگی متاثر کر دیئے۔ گڑھی شاہو ریلوے کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے میاں، بیوی اور ان کی بیٹی جاں بحق ہوگئے۔
بیدیاں روڈ کے قریب ایک اور مکان کی چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہوئے۔شدید بارش کے باعث پرانی انارکلی، اسلام پورہ، کرشن نگر، لکشمی چوک، لبرٹی، سمن آباد، اچھرہ، گلشن راوی، اپر مال اور دیگر علاقے زیر آب آگئے۔
بارش کا پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے دوران لیسکو کے متعدد فیڈر ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل رہی۔
بارش کی وجہ سے سڑکوں میں گڑھے بن گئے، لاہور کے تاج باغ علاقے میں اچانک سڑک کے بیٹھنے سے ایک گاڑی بھی گڑھے میں پھنس گئی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں بادلوں کا راج، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
واسا کے مطابق شہر میں مختلف اوقات میں ہونے والی بارش کے دوران متعدد مقامات پر نمایاں بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ سگیاں، لکشمی چوک، چوک ناخدا اور پانی والا تالاب سمیت کئی علاقوں میں سب سے زیادہ بارش ہوئی۔
واسا کا نکاسی آب کا آپریشن جاری رہا اور مختلف شاہراہوں، بازاروں اور چوکوں کو کلیئر کر دیا گیا۔ واسا کا کہنا ہے کہ تمام ٹیمیں اور مشینری ہائی الرٹ ہیں۔
پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔ حافظ آباد، سرگودھا، ڈسکہ، وزیرآباد، پتوکی اور قصور میں کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے، متعدد شاہراہیں اور بازار پانی میں ڈوب گئے جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ قصور کے علاقے ڈھنگ شاہ میں مکان کی چھت گرنے سے دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔
مری کے جھیکا گلی کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔




