اسلام آباد سے اے بی این نیوز اور محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ اطلاعات کے مطابق آج بروز ہفتہ 25 جولائی خیبرپختونخوا، بلوچستان، پنجاب، سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کا قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ متعدد مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی موسمی صورتحال:
خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ باجوڑ، مہمند، خیبر، کوہاٹ، کرک، ہنگو، کرم، اورکزئی، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔ گزرے ہوئے دن کے دوران باجوڑ میں 58 ملی میٹر، مہمند میں 40، پٹن میں 28 اور پشاور میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جہاں پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ صوبے میں سب سے کم درجہ حرارت مالم جبہ میں 14 اور کالام میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
دوسری جانب بلوچستان کے اضلاع ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، لورالائی، بارکھان، کوہلو، سبی، نصیرآباد، جھل مگسی، جعفرآباد، ڈیرہ بگٹی، قلعہ سیف اللہ، پشین، قلات، خضدار، پنجگور، آواران اور لسبیلہ میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر،بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 7افراد جاں بحق
پنجاب اور سندھ کے اضلاع میں بارش کی پیشگوئی:
پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں موسم کی صورتحال تبدیل ہونے کی توقع ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور، سیالکوٹ، نارووال، بہاولنگر، بہاولپور، ساہیوال، راجن پور، ملتان، خانیوال، وہاڑی، ڈیرہ غازی خان، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو اور رحیم یار خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے، جبکہ مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، فیصل آباد، خوشاب، نورپور تھل، بھکر، میانوالی اور سرگودھا میں شام یا رات کے اوقات میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے بیشتر حصوں تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہٰ یار، حیدرآباد، مٹیاری، جامشورو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، قمبر شہدادکوٹ، دادو، لاڑکانہ، خیرپور، نوشہروفیروز اور ٹھٹھہ میں بارش جبکہ کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خطرناک صورتحال، پی ڈی ایم اے کا انتباہ اور ہدایات:
محکمہ موسمیات کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور تودے گرنے کا خدشہ ہے، جبکہ ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ مزید برآں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان اور صوابی کے نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔
خیبرپختونخوا میں 25 سے 27 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی کے بعد پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کا اظہار کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی سے فصلوں، کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، سائن بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو دریاؤں اور ندی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی مشورہ دیا گیا ہے۔




