کیپٹن (ر) صفدر کے بعد پی پی رہنمائوں کی انٹری، کھاوڑہ کا انتخابی معرکہ دلچسپ ہوگیا

اسلام آباد( عامر اقبال ہاشمی سے) مسلم لیگ(ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کے بعد پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما بھی حلقہ کھاوڑہ مظفرآباد پہنچ گئے ہیں جس کے بعد حلقہ کھاوڑہ کاانتخابی معرکہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

گزشتہ دنوں کیپٹن (ر) صفدر نے حلقہ کھاوڑہ کےمختلف علاقوں میں شمولیتی تقریبات سے خطاب کیا جس کا جواب قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر نے راجہ ثاقب مجید کے آبائی پولنگ سٹیشن سے راجہ رفاقت بھٹو کو پیپلزپارٹی میں شامل کرکے دیا۔

یہ بھی پڑھیں:ثاقب مجید کو بڑا جھٹکا، دولائی سے راجہ رفاقت بھٹو پیپلزپارٹی میں شامل

قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر نے راجہ رفاقت بھٹو کی شمولیت پر خطاب میں کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر جہاں بھی گیا وہاں مسلم لیگ(ن) کو شکست ہوئی، کھاوڑہ میں بھی شکست مسلم لیگ(ن) کا مقدر ہے۔

اب پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سیکرٹری جنرل نیئرحسین بخاری، مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن اور سینئر رہنما غلام مرتضیٰ ستی حلقہ ہانچ کھاوڑہڈنہ پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے شمولیتی پروگرام میں شرکت کرینگے۔

ڈنہ کچیلی میں ہونے والے جلسے میں عوام اور پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد شرکت کرے گی جہاں مرکزی قائدین آئندہ کی انتخابی حکمت عملی اور پارٹی کے منشور پر روشنی ڈالیں گے۔

حلقہ کھاوڑہ میں اب کی بارپیپلزپارٹی کے سینئر رہنما، قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر اور مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ ہولڈر راجہ ثاقب مجید کے مابین ون ٹو ون مقابلہ ہے۔

سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ راجہ ثاقب مجید چوہدری لطیف اکبر کو ٹف ٹائم ضرور دے رہے ہیں لیکن چوہدری لطیف اکبر کے ووٹ بینک میں کمی نہیں بلکہ اضافہ ہی ہوا ہے۔

سابق الیکشن کی بات کی جائے توپیپلزپارٹی کے رہنما ، قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر 22ہزار824ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ اب جو مسلم لیگ(ن) کے امیدوارہیں ثاقب مجید انہوں نے مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر الیکشن لیا تھا اور انہوں نے 21ہزار481ووٹ لئے تھے۔

پاکستان تحریک انصاف کے راجا منصور خان اور مسلم لیگ(ن) کے امیدوار راجہ ابرار خان نے 9،9ہزار ووٹ لئے تھے،تحریک لبیک پاکستان کے حافظ محمد اشرف نے 3950ووٹ لئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات ، ن لیگ اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی،راجہ ثاقب مجید

اب کی بارچوہدری لطیف اکبراور ثاقب مجید کے علاوہ سابق وزیر حکومت راجہ عبدالقیوم خان کے فرزند راجہ مظہر قیوم استحکام پاکستان کے ٹکٹ پر الیکشن لڑرہے ہیں ،مسلم کانفرنس کے امیدوارراجامہتاب زرین ہیں۔

راجہ ابرار خان نے ثاقب مجیدراجا کی حمایت کردی ہے جبکہ راجہ منصور خان اور حافظ محمد اشرف نے الیکشن کا بائیکاٹ کیا ہے جس پر مقابلہ مزید دلچسپ ہو گیا ہے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ راجہ منصور خان اور حافظ محمد اشرف کے بائیکاٹ کا فائدہ دونوں رہنمائوں کوہوگا جبکہ راجہ مظہر قیوم راجہ ثاقب مجید کے ووٹ بینک کو متاثرکریں گے۔