مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)مسلم لیگ ن کا پاور شو، نوازشریف اور مریم نواز مظفرآباد پہنچ گئے ۔ نوازشریف نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر سے مجھے بہت پیار ہے ۔ کشمیر کے ساتھ میرا دلی لگائو ہے ۔
مظفر آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے کہا کہ میرا دل کرتا ہے الیکشن میں کامیابی ملتی ہے تو شہبازشریف کو کہوں کہ مجھے وزیراعظم آزاد کشمیربنا دیں۔
مسلم لیگ ن نے انتخابی مہم کے سلسلے میں مظفرآباد کے یونیورسٹی گراؤنڈ میں ایک جلسے کا اہتمام کیا ہے، جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریک ہیں۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہاکہ کشمیر کے ساتھ مجھے دلی لگاؤ ہے، ہمیں آزاد کشمیر بھی اتنا ہی عزیز ہے جتنا ملک کے کسی دوسرے حصے ہے۔
انہوں نے کہاکہ سوال یہ ہے کہ مظفرآباد میں بھی موٹروے جیسے منصوبے کیوں نہیں بنے، مظفرآباد کو پاکستان کا بہترین شہر ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ میں آج آتے ہوئے مریم نواز سے کہہ رہا تھا کہ آپ جو کچھ پنجاب میں کررہی ہیں وہ سب کچھ مظفرآباد میں بھی ہونا چاہیے۔
انہوں نے کوہالہ تا مظفرآباد شاہراہ کی خستہ حالی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں موٹرویز اور ایکسپریس ویز کا جال بچھایا گیا، مگر یہ اہم شاہراہ جدید معیار کے مطابق تعمیر نہ ہو سکی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بھمبر، مظفرآباد اور میرپور کو جدید شاہراہ سے ملانے کا منصوبہ بنایا تھا، مگر حکومت ختم ہونے سے یہ منصوبہ ادھورا رہ گیا۔
انہوں نے یقین دلایا کہ دوبارہ موقع ملا تو آزاد کشمیر میں جدید سڑکوں، پلوں، تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور روزگار کے منصوبوں کا نیا دور شروع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے، سیاحت کے فروغ، چھوٹے کاروباروں کی حوصلہ افزائی اور مقامی صنعتوں کے قیام کے لیے بھی جامع پروگرام ترتیب دیا جائے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سرسالہ منانہ،مختلف قبائل ،درجنوں خاندانوں کا چوہدری رزاق کی حمایت کا اعلان
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب میں وزیراعظم تھا اس وقت آزادکشمیر وزیراعظم تھا۔ دریائے جہلم کیساتھ موٹروے بننی چاہیے ۔ آج بہت عرصے بعد ملاقات ہورہی ہے ۔ کوہالہ سے مظفرآباد موٹروے کیوں نہیں بن سکی اس کا مجھے بہت دکھ ہے ۔
نوازشریف کا مزید کہنا تھا کہ میرے لئے آزادکشمیر اتنا ہی عزیز ہے جتنا پنجاب ۔ میں آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر سے بہت پیار کرتا ہوں۔ آزادکشمیر میرا دوسرا گھر ہے ۔ مریم نوازشریف پنجاب میں بہت محنت کررہی ہے ۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ آزادکشمیرمیں ہر منصوبہ مکمل کروائوں گا، میری خواہش کہ مجھے آزادکشمیر کا وزیراعظم بنایا جائے ۔
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے اعلان کیا کہ ہماری حکومت بنی تو آزادکشمیر کا دس گناہ بجٹ میں اضافہ کریں گے ، مظفرآباد کیلئے 10گرین بسیں جلد پہنچ جائیں گی ۔
سابق وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوازشریف جو کہتا ہے پورا کرتا ہے ، آزادکشمیر کے تمام مسائل حل کرکے دم لیں گے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ میں دل سے بھی کشمیری ہوں روح، دل ودماغ سے بھی کشمیری ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا مزید کہنا ہے کہ آزادکشمیر کےگزشتہ الیکشن میں جتنی مجھے عزت دی میں کسی صورت نہیں بھلا سکتی ۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر میں نوازشریف کی حکومت ہوتی تو آج مسائل اس نہج پر نہ ہوتے مخالفین جانتے ہیں کہ میرا اور نوازشریف کا کشمیریوں کیساتھ کیا رشتہ ہے ۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ 2021 میں مسلم لیگ ن کی 17 سیٹوں کو الٹ دیا گیا ۔ جتنا مضبوط پاکستان ہوگا اتنا ہی کشمیر مضبوط ہوگا۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ میں پنجاب میں اپنی کارکردگی لیکر آپ کے سامنے آئی ہوں ۔ ہم ووٹ مانگنے نہیں آئے ، اگر آپ نے مسلم لیگ ن کو ووٹ دیا تو آزادکشمیر کی قسمت بدل جائے گی
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقات کی فلاح کے لیے متعدد کامیاب منصوبے جاری ہیں۔ بیواؤں اور یتیم بچوں کی مالی معاونت، شہریوں کو پیدائش، شادی، گاڑی اور موٹر سائیکل کی رجسٹریشن سمیت دیگر سرکاری دستاویزات گھر کی دہلیز پر فراہم کرنے کی سہولت متعارف کرائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کینسر، ہیپاٹائٹس، لیوکیمیا اور دیگر سنگین امراض میں مبتلا لاکھوں مریضوں کو ادویات ان کے گھروں تک پہنچائی جا رہی ہیں جبکہ صاف پانی کی فراہمی کو بھی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب میں مستحق خاندانوں کی بیٹیوں کی شادی کے لیے خصوصی امدادی پروگرام کے تحت مالی معاونت اور ضروری سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے درخواست کریں گی کہ عوامی فلاح کے یہ تمام کامیاب منصوبے آزاد جموں و کشمیر تک بھی توسیع دیے جائیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں جدید ہسپتال، کارڈیالوجی سینٹرز اور ایک ہزار بستروں پر مشتمل نواز شریف کینسر ہسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے تاکہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے مریضوں کو عالمی معیار کی طبی سہولیات میسر آ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کے دل کے مفت آپریشن، کینسر، ہیپاٹائٹس اور دیگر مہلک بیماریوں کے علاج اور ادویات کی فراہمی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ، امن و امان کے قیام، صاف پانی، جدید ٹرانسپورٹ، گرین بسوں، موبائل ہسپتالوں، تعلیم، صحت اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں پنجاب کی طرز پر آزاد کشمیر میں بھی انقلابی اقدامات کیے جائیں گے۔
جلسے کے اختتام پر میاں محمد نواز شریف اور محترمہ مریم نواز شریف نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) وعدوں کے بجائے عملی خدمت پر یقین رکھتی ہے،۔۔
اگر آزاد کشمیر کے عوام نے اعتماد کیا تو ریاست کو ترقی، خوشحالی، روزگار، جدید انفراسٹرکچر، معیاری تعلیم، بہترین صحت اور عوامی فلاح کے نئے دور میں داخل کیا جائے گا۔




