این ڈی ایم اے کا 24 جولائی تک ملک بھر میں طغیانی اور سیلاب کا شدید الرٹ جاری

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل): نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 24 جولائی تک ملک کے مختلف خطوں میں متوقع بارشوں کے پیشِ نظر ممکنہ خطرات، طغیانی اور فلیش فلڈ کے حوالے سے باضابطہ ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ پیشگوئی کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں کے دریاؤں، مقامی ندی نالوں اور پہاڑی برساتی گزرگاہوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے اور پانی کے بہاؤ میں انتہائی نمایاں اضافے کا شدید خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارشوں اور بادل پھٹنے سے تباہی: ناران، باغ اور وادی نیلم میں نالے بے قابو

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لیے الرٹ:

گلگت بلتستان کے اضلاع ہنزہ، شگر اور گانچھے کے علاقوں میں بالخصوص شمشال، ہنزہ، چپورسن، کلیک، شگر، شیوک اور ہُشے دریاؤں میں اچانک سیلابی ریلے آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر کے تمام اہم آبی ذخائر بالخصوص دریائے جہلم، دریائے نیلم، دریائے پونچھ، دریائے مہل، بیٹار نالہ، بھمبر نالہ، کانشی دریا کے ساتھ ساتھ جہلم اور پونچھ کے تمام معاون ندی نالوں میں بھی پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان میں طغیانی کا خدشہ:

خیبرپختونخوا میں دریائے چترال، دریائے کابل، دریائے سوات، دریائے پنجکوڑہ، مقم نالہ اور کلپانی نالہ میں طغیانی کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ خیبر، کرم، اورکزئی، کوہاٹ، بنوں، کرک، ہنگو، لکی مروت، شمالی و جنوبی وزیرستان، باجوڑ، مہمند، مانسہرہ، بونیر اور صوابی کے مقامی ندی نالوں میں شدید سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے۔

مزید پڑھیں: متحدہ مدارس کونسل کا فضل الرحمان کے بیان سے لا تعلقی کا اظہار، پاک فوج کی حمایت کا اعادہ

پنجاب کے پوٹھوہار ریجن، دریائے سواں اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی برساتی نالوں میں بھی طغیانی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ جبکہ شمال مشرقی بلوچستان کے تمام برساتی ندی نالوں اور دریاؤں میں بھی پانی کے بہاؤ میں شدید اضافے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے مقامی آبادی اور سیاحوں کو انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔