آزاد کشمیر عام انتخابات : حلقہ ایل اے ون ڈڈیال میں فل پروف سکیورٹی کے ساتھ تمام تر انتخابی تیاریاں مکمل

ڈڈیال (کشمیر ڈیجیٹل): آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے سلسلے میں حلقہ ایل اے ون ڈڈیال میں تمام تر انتخابی و انتظامی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ ریٹرننگ آفیسر و ایڈیشنل سیشن جج محمد فاروق رشید کے مطابق حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر فل پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ عوام بلا خوف و خطر اپنے بنیادی جمہوری حق کا استعمال کر سکیں۔

حکام کی جانب سے ووٹرز کو مکمل طور پر آزادانہ اور پرامن ماحول میں حقِ رائے دہی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے گئے ہیں۔ حلقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے پولنگ کا پورا عمل پاک فوج، پولیس اور دیگر حساس سکیورٹی اداروں کی براہِ راست نگرانی میں انجام دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر عام انتخابات : سرکاری ملازمین کے لیے پہلے مرحلے کی پرامن پولنگ مکمل، تفصیلات جاری

پولنگ اسٹیشنز اور ووٹرز کی تفصیلات:

ریٹرننگ آفیسر محمد فاروق رشید نے تفصیلی اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ حلقہ ایل اے ون ڈڈیال میں مجموعی طور پر 139 پولنگ اسٹیشنز اور 234 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔

اس بار حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 105,174 ہو چکی ہے، جس میں 53,211 مرد ووٹرز اور 51,963 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ اگر گزشتہ الیکشن 2021 کا موازنہ کیا جائے تو اس وقت ووٹرز کی تعداد 93,386 تھی، جس کے بعد اس بار حلقے میں تقریباً 11 ہزار سے زائد نئے ووٹرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پرامن الیکشن کے لیے تمام وسائل کی فراہمی اور عام اپیل:

ریٹرننگ آفیسر نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صاف، شفاف، پرامن اور بروقت انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: متحدہ مدارس کونسل کا فضل الرحمان کے بیان سے لا تعلقی کا اظہار، پاک فوج کی حمایت کا اعادہ

انہوں نے حلقہ ایل اے ون ڈڈیال کے تمام نوبالغ اور سینئر ووٹرز سے پرزور اپیل کی ہے کہ پولنگ کے روز مکمل طور پر قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں اور اپنے ووٹ کے بنیادی حق کا استعمال لازمی کریں۔