میرپور (کشمیر ڈیجیٹل)وزیر جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کرنل (ر) وقار احمد نور نے وزارت جنگلات وائلڈ لائف و فشریز کا قلمدان سنبھالنے کے بعد نظامتِ تجدیدِ جنگلات میرپور کا پہلا دورہ کیا۔
وزیر جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز کرنل (ر) وقار احمد نور نظامتِ تجدیدِ جنگلات پہنچے تو محکمہ جنگلات کے افسران نے ان کا استقبال کیا۔ دورہ کے دوران وزیر جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز نے نظامتِ ہذا میں پودا لگا کر جنگلات کی افادیت کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری جنگلات محمد فرید چوہدری، ناظم اعلیٰ جنگلات پرنسپل سردار افتخار، ناظم اعلیٰ جنگلات علاقائی ملک اسد محمود، ناظم اعلیٰ جنگلات ترقیات راجہ زاہد حسین خان، بھی شریک تھے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میامی ایئرپورٹ پر ایمیزون کارگو طیارہ حادثے کا شکار، 5 افراد ہلاک
پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ذاکر حسین، چیف پلاننگ عتیق الرحمن، ناظم جنگلات میرپور جہانزیب خضر، ناظم جنگلات عمران صادق اور محکمہ جنگلات کے دیگر افسران موجود تھے۔
محکمہ جنگلات کے اعلیٰ حکام کی جانب سے وزیر جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز کو محکمہ کے انتظامی امور، جنگلات کے تحفظ و نگہداشت، شجرکاری، قدرتی جنگلات کی بحالی، جنگلات کے وسائل کے مؤثر انتظام، جاری ترقیاتی منصوبہ جات اور محکمہ کی مجموعی کارکردگی کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز کو محکمہ جنگلات کے مختلف جاری منصوبہ جات، ان کے اہداف، اب تک ہونے والی پیش رفت، منصوبہ جات کی نگرانی کے پروگرامز اور مستقبل کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیر جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز کو اپ سکیلنگ گرین پاکستان پروگرام کے تحت جاری سرگرمیوں اور شجرکاری کے مختلف منصوبہ جات کے حوالہ سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران جنگلات کے تحفظ، شجرکاری کے فروغ، پودوں کی بقاء، نرسریوں کے قیام، جنگلات کے رقبہ جات کو آگ سے تحفظ، غیر قانونی کٹائی کی روک تھام، عوامی شمولیت اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعہ جنگلات کے منصوبہ جات کی مؤثر نگرانی کے حوالہ سے محکمہ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات بارے آگاہ کیا گیا۔
وزیر جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز کرنل (ر) وقار احمد نور نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے جنگلات ریاست کا قیمتی اثاثہ ہیں، جنگلات کا تحفظ، فروغ اور مؤثر انتظام حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ:ڈاکٹر عامر شہزاد کی بطور ڈی ایچ او تعیناتی چیلنج
مسلم لیگ (ن) کی یہ حکومت خوشحالی اور مؤثر گورننس کا نظام قائم کر کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی، ہم سب نے دن رات مسلسل کام کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگلات ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور آنیوالی نسلوں کے لیے محفوظ و صحت مند ماحول کی فراہمی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اس لئے محکمہ جنگلات کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔
وزیر جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز نے کہا کہ محکمہ جنگلات کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔ محکمہ کو درپیش مسائل کا جائزہ لے کر عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
جبکہ انتظامی اور فیلڈ کی سطح پر جہاں بھی کسی قسم کی کوتاہی سامنے آئے گی، اس کا فوری تدارک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بہتری کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔
وزیر جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کی پالیسی اور ترجیحات کے مطابق جنگلات کے تحفظ و فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
وزیرجنگلات نے افسران و ملازمین کو نئے عزم، جذبہ اور نیک نیتی سے فرائض سرانجام دینے کی تلقین کی اور کہا کہ حکومت کی ترجیح خدمت کے مشن کو جاری رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کوتاہی برداشت نہیں کرے گی۔ عوام کی خدمت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے۔




